Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

غزہ پر ایک ساتھ سمندری، زمینی، فضائی حملے کی دھمکی، فرانس کی حماس کیخلاف جنگ میں شرکت کی پیشکش

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حملے میں 182 بچوں سمیت 436 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2023 05:57pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

غزہ میں داخل ہونے میں ناکامی پر اسرائیلی فوج کی جانب سے داغےجانے والے 320 میزائلوں سے 182 بچوں سمیت 436 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی وزیردفاع نے غزہ پرایک ساتھ زمینی، فضائی اور سمندری حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ فرانسیسی صدر نے بھی اسرائیل کو حماس کیخلاف جنگ میں شرکت کی پیشکش کردی۔ دوسری جانب حماس نے مزید دو اسرائیلی یرغمالیوں کو رہائی دے دی۔ قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے اسرائیل کو غیر مشروط قتل کی اجازت دینا ناجائز ہے۔

گزشتہ رات غزہ میں داخل ہونے میں ناکامی پر اسرائیلی فوج نے 320 میزائل داغ دیے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حملے میں 182 بچوں سمیت 436 فلسطینی شہید ہوگئے۔

سات اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5087 ہوچکی ہے جن میں 2055 بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیل نے شام کے اوقات میں بھی خان یونس کے رہائشی علاقے پر حملے کیے، جن میں مزید اموات کا خدشہ ہے۔ اس وقت غزہ میں 12 اسپتال اور 32 میڈیکل سینٹرز غیرفعال ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:

تصاویر: فلسطین اسرائیل کشیدگی میں ہونیوالی تباہی کے مناظر

فلسطین جنگ شدت اختیار کرگئی، اسرائیل کا لبنان پر حملہ

اسرائیل فلسطین کشیدگی، مومنہ مستحسن کی ٹوئٹ پر صارفین بھڑک اٹھے

اسرائیلی وزیردفاع نے دھمکی دی ہے کہ اب غزہ پرایک ساتھ زمینی، فضائی اور سمندری حملہ کیا جائے گا۔

دو اسرائیلی خواتین رہا

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے رہا کی جانے والی دونوں معمرخواتین رفاہ کراسنگ سے اسرائیل منتقل کردی گئیں۔ خواتین کی عمریں تقریباً اسی برس ہیں۔

دونوں اسرائیلی خواتین اب تل ابیب کے ایک اسپتال میں ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کرچکی ہیں۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ دونوں خواتین کے شوہر غزہ میں بدستور اسیر ہیں۔ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم اس سے پہلے امریکی خاتون اوراس کی بیٹی کو بھی رہا کرچکی ہے۔

ادھر مغربی کنارے پر بھی اسرائیل کے حملے جاری ہیں، تازہ حملوں میں مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ لبنان کی سرحد پر میزائل حملے میں امریکی اسرائیلی فوجی مارا گیا۔

غزہ میں امدادی سامان کا تیسرا قافلہ پہنچ چکا ہے، 34 ٹرکوں میں اشیائے خوردونوش اور ادویات لدی ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے وزیرخارجہ نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جو ادارہ غزہ میں قتل عام روکنے میں ناکام ہوگیا، اس کی کوئی اہمیت نہیں رہتی۔

فرانس نے حماس کے خلاف جنگ میں شرکت کی پیشکش کردی

فرانس نے حماس کے خلاف اسرائیلی جنگ میں شرکت کی پیش کردی، فرنچ صدر ایمانول میکرون نے کہا ہے کہ حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل خود کو تنہا نہ سمجھے۔ دہشتگردی فرانس اور اسرائیل کا مشترکہ مسئلہ ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا اسرائیلی فوج ہماس کو تباہ کر دے گی-

اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے وہاں موجود فرنچ صدر نے اسرائیلی صدرنیتن یاہو سے ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ عراق اور شام میں داعش کے خلاف جنگ میں مصروف اتحاد میں فرانس بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج کو حماس کے خلاف جنگ میں حصہ لینا چاہیے، فرانس بھی حماس کے خلاف جنگ میں شرکت کے لیے تیار ہے۔

اس سے پہلے امریکی صدرجو بائیڈن اور برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے بھی اسرائیل کا دورہ کر کے صیہونی حکومت کو مکمل حمایت کا یقین دلاچکے ہیں۔

چین کی جانب سے فلسطین کی حمایت

چینی وزیرخارجہ نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پررحم کی اپیل کی ہے۔ چین کے وزیرخارجہ نے اسرائیلی ہم منصب سےٹیلی فونک رابطے میں کہا کہ تمام ممالک کو دفاع کاحق حاصل ہے لیکن غزہ پراسرائیلی حملےدفاع کے دائرہ کار سے باہرہیں۔

وانگ یی نے اسرائیل کوبین الاقوامی قانون کی پابندی کرنے کی تلقین کی،ان کا مزید کہناتھا غزہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داری کو مؤثر طریقے سے ادا کرنا چاہیے،خطے سے باہر کے ممالک، خاصوصی طور پر طاقتورممالک کوغیر جانبداررہناچاہیے۔

قطر کے امیر کا فلسطینیوں کےحق میں بیان

قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کو غیر مشروط قتل کی اجازت دینا ناجائز ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم دوہرے معیار کو قبول نہیں کرتے، قبضے، محاصرہ کے حقائق کو نظر انداز کرتے رہنا ممکن نہیں، پانی، ادویات اور خوراک کی بندش کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔

خان یونس میں اقوام متحدہ کی عہدیدار روایہ حلس نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ کی صورتحال لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں،پندرہ ہزار فلسطینی پناہ گزینوں کو دینے کے لیے کچھ بھی نہیں بچا، انسولین سمیت مختلف ادویات کی ضرورت ہے، اقوام عالم براہِ مہربانی غزہ کو بچائے۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ سویڈن میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔

پیرس میں پابندی کے باوجود فلسطین سے اظہاریکجہتی کے لیے مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی جانب سے مظالم کو روکنے کی اپیل کی گئی۔

Israel

Palestine

Gaza

Hamas

Palestinian Israeli Conflict

Hamas Israel attack 2023