Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

’کیا ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کا خون کافی نہیں ہے؟‘

پاکستان شوبز شخصایت اسپتال پر اسرائیل کے فضائی حملے پر برہم
شائع 18 اکتوبر 2023 11:46am

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی نے سب ہی کے دل دہلا دیے ہیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر بمباری سے ہر شخص میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکاروں کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

گذشتہ شب غزہ شہر کے الاہلی عرب اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ہسپتال میں طبی عملہ، مریض اور پناہ گزینوں کو نشانہ بنایا ہے۔

شوبز شخصیات نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فلسطینوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں:

’مجھے خون کا پیسہ نہیں چاہیے‘، اسرائیلی دھمکی پر ہدیٰ بیوٹی کی بانی کا جواب

آئس کریم ٹرکوں میں اب لاشیں رکھی جانے لگیں

سوارا بھاسکر نے اسرائیل کی حمایت کرنے والوں کو ’منافق‘ قراردے دیا

پاکستانی اداکارہ عشنا شاہ نے دل برداشتہ ہوکر ایکس پر لکھا کہ ’ایک اسپتال، ہم کس چیز کا بائیکاٹ کرتے ہیں؟ ہم کہاں ہڑتال کرتے ہیں؟ ہم کیا کرتے ہیں؟ کوئی مجھے بتائے کہ کیا کرنا ہے! فی الحال میں صرف اپنے رب سے دعا کر سکتی ہوں، اپنے پیاروں کو قریب رکھ کر اس پلیٹ فارم پر لکھ سکتی ہوں۔ کوئی ہمیں بتاسکتا ہے کہ کیا کرنا ہے، کہاں سے شروع کرنا ہے‘۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر خطے میں جاری صورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی اداکار عثمان خالد بٹ نے اس تنازعے کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے غزہ کو امداد پہنچانے کی اجازت کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’فوری طور پر یہ جنگ بندی ہونی چاہئے، امداد کو غزہ تک پہنچانے کی اجازت دیں، کیا ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کا خون کافی نہیں ہے؟‘

گلوکار و اداکار عاصم اظہر نے ہیش ٹیگ free palestine کا استعمال کرتے ہوئے خود کو مظلوم ظاہر کرنے ولے اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے بھی فلسطینیوں کی جانوں کے اس ضیاع پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں ٹویٹر (ایکس )سے دور رہوں گی، میں اسپتالوں میں بچوں کے جسم کے اعضاء کو اس طرح نہیں دیکھنا چاہتی۔ ایک ہی وقت میں 500 لوگ مارے گئے‘۔

اداکارہ ہانیہ عامراپنی انسٹا اسٹوری میں غزہ کی صورت حال کا موازنہ افغان جنگ سے کیا ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی اسپتال پر اسرائیل کی بمباری پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

باکسر نے ایک ویڈیو کو ایکس پر شئیر کرتے ہوئے رہنماؤں پر زور دیا کہ اب وہ بات چیت کریں اور ان حملوں کو بند کریں۔

باکسر عامر خان نے اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ پر بمباری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بینجمن نیتن یاہو پر ردعمل ظاہر کرنے کا دباؤ ڈالا۔

پاکستانی اداکارہ امر خان نے ان تمام لوگوں کے لئے دعاؤں کی درخواست کی جو دہائیوں سے اس جنگ کا سامنا کرنے والے ملک میں موجود ہیں۔

معروف کاسمیٹکس برانڈ ہدا بیوٹی کی مالکن ہدیٰ قطان نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جو کچھ بھی ہورہا ہے، وہ اس سے خوفزدہ ہیں کیونکہ سیکڑوں بچوں کی جانیں پہلے ہی خطرے میں ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ شہیدوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، یونیسیف غزہ میں مدد کر رہا ہے لیکن اب انہیں بھی ہماری مدد کی ضرورت ہے اور ہمیں سنگین حالات کے پیش نظر عطیات کرنے چاہیے۔

Palestine

Gaza

Celebrities

Pakistani Showbiz

Palestinian Israeli Conflict

drone attacks