Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف 21 اکتوبر کو ملک کو مشکل سے نکالنے کا روڈ میپ دیں گے، حمزہ شہباز

چیئرمین پی ٹی آئی نے دونوں ہاتھوں سے قوم کا پیسا لوٹا، رہنما ن لیگ
شائع 15 اکتوبر 2023 08:23pm
قصور: نواز شریف 21 اکتوبر کو  ملک کو مشکل سے نکالنے کا روڈ میپ دیں گے، حمزہ شہباز کا جلسے سے خطاب۔ فوٹو ــ اسکرین گریب
قصور: نواز شریف 21 اکتوبر کو ملک کو مشکل سے نکالنے کا روڈ میپ دیں گے، حمزہ شہباز کا جلسے سے خطاب۔ فوٹو ــ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو ملک کو مشکل سے نکالنے کا روڈ میپ دیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے دونوں ہاتھوں سے قوم کا پیسا لوٹا اور آئی ایم ایف سے معاہدہ طے کرکے خلاف ورزی کی گئی۔

قصور میں جلسے سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ 21 اکتوبر کو صرف نوازشریف کا استقبال نہیں کرنا ملکی ترقی کا استقبال بھی کرنا ہے۔ ہم نے ملک کی نئی صبح کے آغاز کا استقبال کرنا ہے، نواز شریف نے پہلے بھی قوم کی خدمت کی ہے۔ قوم سے کہتا ہوں آنکھیں کھول کر ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنا۔

عمران خان کے دور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ طے کرکے خلاف ورزی کی گئی، شہبازشریف معاہدے کو استوار نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، ملک دیوالیہ ہو جاتا تو وہ حالات ہوتےجن کا تصور نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان میں موٹرویز بنوائیں، دوسرے ممالک کے لوگ آکر موٹر ویز کی تعریف کرتے تھے، آج ملک میں موٹرویز کا جال بن چکا ہے، نوازشریف کی قیادت میں نوجوانوں کا مستقبل روشن ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ن لیگ نے جھوٹے وعدے نہیں کیے، کام کرکے دکھایا ہے، ملک میں 20 ،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، نوازشریف نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ آج ڈالر کی قیمت 278 روپے ہے، نوازشریف کے دور میں ڈالر 105روپے کا تھا، نوازشریف دور میں بجلی کا یونٹ 7 روپے کا تھا، مفت بجلی سے متعلق ہمارے منصوبے کو چلنے نہیں دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ 9 مئی کو ہمارے شہداء کے مجسموں کو گرایا گیا، جناح ہاؤس کو آگ لگائی گئی، دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگی قیادت پر کرپشن کے جھوٹے مقدمات بنائےگئے، لیگی رہنماؤں نے جیلیں کاٹیں اور جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، پارٹی قیادت پر کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوسکا۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل، ظلم و بربریت کی داستان رقم کر رہا ہے، آج غزہ میں بجلی، گیس اور اشیاء کی سپلائی بند ہے، پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھےگا، ہمارے دل شہداء کی ماؤں کے ساتھ ڈھرکتے ہیں۔

PMLN

Nawaz Sharif

Pakistan Politics

general elections 2023