Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد فلسطینیوں کیلئے نکل آئے

مختلف سیاسی جماعتوں کا 13 اکتوبر سے 15 اکتوبر تک ریلیاں نکالنے کا اعلان
اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2023 07:50pm
پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد فلسطینیوں کیلئے نکل آئے۔ فوٹو — اے ایف پی / سوشل میڈیا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد فلسطینیوں کیلئے نکل آئے۔ فوٹو — اے ایف پی / سوشل میڈیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد فلسطینیوں کیلئے نکل آئے۔ مختلف شہر اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حق میں نعروں سے گونج اٹھے۔ ملاکنڈ میں لیویز نے کارکنوں کو احتجاج کرنے سے روک دیا۔ لیویز نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر جے یو آئی ایف کے ضلعی جنرل سیکریٹری سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لیے لیا۔ بین الاقوامی سطح پر بھی اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اردن میں لاکھوں افراد نے فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔

فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے تحت مسجد شہداہ سے پنجاب اسمبلی چوک تک ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم فلسطینی عوام کےساتھ کھڑے ہیں، اظہار یکجہتی پر کراچی سے چترال تک عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم بھی فلسطینی ماؤں بہنوں کیلئےغزہ جاسکتے ہیں، مسئلہ فلسطین اسلام اور ایمان کا مسئلہ ہے، اسرائیل نے فلسطینی سر زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، مظلوم فلسطینیوں کیلئے آوازبلند کرنا امہ مسلمہ کی ذمہ داری ہے، مسجد اقصیٰ کی آزادی ہم سب کو عزیز ہے۔

کراچی

کراچی میں جماعت اسلامی نے لیاری، پٹھان مسجد، موسیٰ لین سے ریلی نکالی۔

کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کے تحت کھارادر اور ناظم آباد کی مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ باشانہ کھڑے ہیں انسانی حقوق کی بات کرنیوالے مسئلہ فلسطین پر کیوں چپ سادھے بیٹھے ہیں۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران امریکا اور اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کیے گئے۔

مزار قائد پر پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں نے احتجاج کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں نعرے بازی کی۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تاجر رہنما بھی سڑکوں پر آئے۔ آل سٹی تاجر اتحاد نے ٹاور تا ریگل چوک تک ریلی نکالی۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف امت مسلمہ کو جہاد کرنا ہوگا او آئی سی فلسطین جانے کا راستہ فراہم کرے۔

پاکستان تحریک لبیک کی جانب سے بھی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام فلسطین کے مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جمعہ کا دن فلسطین کے مظلومین سے عہد وفا کا دن ہے، اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز اٹھانا اخلاقی و انسانی فریضہ ہے۔

علامہ راجا ناصرعباس جعفری نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے، غزہ میں قتل عام کیا جا رہا ہے، فلسطینیوں بھائیوں کے ساتھ ہیں، امریکا اور استعاری قوتیں مسلمانو پر ظلم کر رہی ہیں۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ نےچائینا چوک سے نیشنل پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جس میں شرکا نے فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف نعرے بازی کی۔

راولپنڈی میں اہلسنت والجماعت پاکستان ، مجلس وحدت مسلمین ، شیعہ علما کونسل نےفلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کی الگ الگ ریلیاں نکالی۔

شرکا نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اسرائیلی جارحیت رکوانے اور غزہ میں نہتے فلسطینیوں کو خوراک اور ادویات کی فوری فراہمی کے اقدامات کا مطالبہ کیا۔

جے یو آئی

کراچی میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف) نے جامع مسجد گلزار مدینہ مظفر آباد کالونی لانڈھی سے ریلی نکالی۔

اسلام آباد میں آبپارہ چوک میں فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ جے یو آئی ف کے مظاہرین نے اسراٸیل کیخلاف نعرے بازی کی۔

گرفتاریاں

ملاکنڈ میں جے یو آئی ف نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ شروع کیا تاہم لیویز نے کارکنوں کو احتجاج کرنے نہ دیا۔

لیویز نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر احتجاج کو روکنے کی کوشش کی اور ضلعی جنرل سیکریٹری سلمان تاثیر سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لیے لیا۔

زیر حراست افراد کو لیویز نے پوسٹ درگئی منتقل کیا۔ جے یو آئی قائدین نے کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر امن احتجاج کررہے تھے مگر معلوم نہیں کہ حکومت کی اسرائیل سے کیا مجبوری ہے۔

ٹنڈو الہ یار

ملک بھر کی طرح ٹنڈوالہ یار میں بھی فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لئے تحریک لبیک، جماعت اسلامی، شیعہ علماء کونسل اور دیگر جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔

بورے والا

بورے والا میں بھی مجلس وحدت المسلمین اور دوسری مزہبی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

بلوچستان میں مظاہرے

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی اور مزدور تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔

احتجاج کے دوران اسرائیلی پرچم نذر آتش کرتے ہوئے شرکا نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے۔

اردن

غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ اردن میں بھی شہری سڑکوں پر آگئے۔

اردن کے بڑے شہر عمان میں لاکھوں افراد نے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کی مخالف میں مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری وحشیانہ اقدام ہے، بمباری سے غزہ کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا، نہتے عوام، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

karachi

Palestine

Jamat e Islami

JUIF

Palestinian Israeli Conflict

Hamas Israel attack 2023