فلسطین کیلئے سعودی سفیر کو بیت المقدس میں نہیں رہنے دینگے، اسرائیل
اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ فلسطین کیلئے سعودی سفیر کو بیت المقدس میں نہیں رہنے دینگے۔ گزشتہ روز ہی سعودی عرب نے پہلی مرتبہ فلسطین کیلئے سفیر مقرر کیا تھا۔
اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی (پی اے) میں سعودی عرب کے سفیر کے لئے بیت المقدس میں رہائشی مقام کے خیال کو مسترد کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اردن میں سعودی عرب کے موجودہ سفیر نائف السدیری کو گزشتہ روز فلسطین میں غیر مقیم سفیر اور بیت المقدس میں قونصل جنرل نامزد کیا گیا تھا۔
عمان میں فلسطینی سفارت خانے میں سفیر نائف السدیری نے فلسطینی صدر محمود عباس کے سفارتی مشیر مجدی الخالدی کو اپنی اسناد پیش کی تھیں۔
سعودی عرب کی جانب سے فلسطین میں سفیر مقرر کرنے پر اسرائیل کا ردعمل بھی سامنے آگیا، اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے تل ابیب ریڈیو اسٹیشن 103 ایف ایم سے بات کرتے ہوئے معاملے پر لب کشائی کی۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ نئے سفیر نائف السدیری فلسطینی اتھارٹی (پی اے) کے نمائندوں سے ملاقات کر سکتے ہیں لیکن ان کے لئے مخصوص جگہ متعین نہیں کی جاسکتی۔
ایلی کوہن نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اس بات کی اجازت نہیں دے سکتا کہ کوئی اہلکار جسمانی طور پر یروشلم میں آکر بیٹھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے پہلی مرتبہ فلسطین کیلئے سفیر مقرر کیا۔ سعودی حکومت کا کہنا تھا کہ نائف السدیری کو بطور سفیر مقرر کرنے کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی خبروں سے تعلق نہیں ہے۔
نائف السدیری کو سفیر مقرر کرنے پر فلسطین کے صدارتی مشیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے فلسطین میں نان ریزیڈنٹ سفیر کا تعینات کیا جانا دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور اقوام کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے فلسطینی عوام اور قیادت کی طرف سے سعودی عرب کے اقدامات کو سراہا تھا۔
Comments are closed on this story.