Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور، پشاور اور سندھ ہائیکورٹس نے تھری ایم پی او کے احکامات کالعدم قرار دے دیے

تھری ایم پی او کے تحت نظری بندی کے احکامات کالعدم قرار دے دیے گئے
اپ ڈیٹ 01 جون 2023 11:04pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

لاہور، پشاور اور سندھ ہائی کورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت نظری بندی کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔

سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر بڑا حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت نے تھری ایم پی او کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے نظر بند شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سانگھڑ، میرپور خاص، جیکب آباد، شہید بے نظیر آباد، سکھر اور دیگر جیلوں سے نظر بند شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

حکم نامے کے مطابق شہری کسی اور جرم میں پولیس کو مطلوب نہ ہو تو فوری رہا کیا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے نظر بند شہریوں کو 10،10 ہزار روپے کے مچلے جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا۔

دوسری جانب عدالت نے سکھر جیل میں نظر بند خاتون مونا کو پولیس کی سیکیورٹی میں واپس کراچی منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے دوسرے مقدمات میں گرفتار ملزمان کو بھی اندرون سندھ کی جیلوں سے کراچی منتقلی کا حکم دیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے کہا کہ لوگوں کے پاس کھانے کے پیسے نہیں ہیں، وہ اندرون سندھ ملاقات کے لیے کیسے جائیں گے؟ جن افراد کو اندرون سندھ کی جیلوں سے رہا کیا گیا ہے، لوگ ان کو لینے کے لیے وہاں کیسے جائیں؟۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور محکمہ داخلہ سندھ نے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔

عدالت نے درخواستوں کی سماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔

لاہورہائیکورٹ

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے گیارہ اضلاع میں پی ٹی آئی کارکنوں کی نظری بندی کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔ جسٹس صفدر سلیم شاہد نے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے میں یاسمین راشد سمیت دیگر افراد کی نظر بندی کے احکامات خلاف قانون قرار دیئے گئے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ حکومت نے نو مئی کے واقعات پر بغیر سوچے سمجھے لا تعداد نظر بندی کے احکامات جاری کئے، اگر کوئی شواہد موجود تھے تو فوجداری مقدمات میں گرفتاری کیلئے بہت وقت تھا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ نو مئی کے حیران کن واقعہ نے پرامن اور جمہوری ملک کی مسخ شدہ تصویر پیش کی، امن و امان قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری تھی، بغیر مقدمات کے شہریوں کو اٹھا کر جیلوں میں ڈالنا افسوسناک ہے۔

عدالت نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے ہر نوٹیفکیشن میں صرف ڈی پی او کی رپورٹ پر شہریوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ فیصلے میں وزیر آباد، جھنگ،شیخوپورہ، لاہور، حافظ آباد، سیالکوٹ ،منڈی بہاؤ الدین ، گجرات، ننکانہ صاحب، گوجرانولہ اور نارووال میں پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ تمام نظر بند افراد کو فوری رہا کیا جائے۔

پشاور ہائیکورٹ

ادھر پشاور ہائیکورٹ نے بھی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔

عدالت عالیہ نے فیصلہ سناتے ہوئے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری تھری ایم پی او کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری تھری ایم پی او کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے، تفصیلی اور تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

Sindh High Court

9 May

pti workers arrest

Politics June 1 2023