پی ٹی آئی رہنماؤں کی دوبارہ گرفتاری کیخلاف درخواست پر اسلام آباد پولیس سے جواب طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں ملیکا بخاری اور علی محمد خان کی دوبارہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر اسلام آباد پولیس سے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنماؤں ملیکا بخاری اور علی محمد خان کی دوبارہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں سے متعلق لاعلمی کا اظہار کر دیا۔
اسلام آباد پولیس نے عدالتی استفسار پر کہا کہ معلوم نہیں کہ ملیکا بخاری اور علی محمد خان کس کی تحویل میں ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ دونوں پی ٹی آئی رہنما ایم پی او کے تحت تحویل میں تھے، اسلام آباد پولیس سے جواب طلب کیا جائے کہ دونوں کو رہائی کے بعد کس نے گرفتار کیا؟ دونوں کو اگر اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے تو ملاقات کا موقع دیا جائے۔
بعدازاں عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
Comments are closed on this story.