پی سی بی نے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کیلئے گرین سگنل دے دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے روایتی حریف بھارت کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز کے لیے گرین سگنل دے دیا۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں، پاک بھارت ٹیسٹ سیریز آسٹریلیا، انگلیند اور جنوبی افریقا میں ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا پاک بھارت سیریز کیلئے پہلا آپشن انگلینڈ جبکہ دوسرا آپشن آسٹریلیا ہو گا، آسٹریلیا میں ہاؤس فل ہو سکتا ہے تو یہ بہت اچھا ہوگا، بھارت کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے لیے دبئی ہم کو سستا پڑے گا جبکہ آسٹریلیا کو بھی ہم نے نیوٹرل وینیو کے لیے فہرست میں رکھا ہوا ہے۔
چیئرمین پی سی نی مزید کہا کہ ایشیا کپ کے لیے بھارت کو ہائبرڈ ماڈل پیش کر چکے ہیں، اب ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کے بچاؤ کے لیے آئی سی سی کو آگے آنا چاہییئے ، بھارت کے ساتھ آئی سی سی کو بات چیت کرنی چاہیئے اور دو ٹوک مؤقف اپنانا چاہیئے کہ ایشیا کپ کے لیے پاکستان کھیلنے جاؤ یا ہائبرڈ ماڈل کو اپناؤ۔
واضح رہے کہ پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کا معاملہ پچھلے سال بھی خبروں میں کافی گردش کرتارہا تھا لیکن دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ کے باعث سیریز نہ ہو پائی، دونوں ممالک کے مابین آخری بار سیریز 2013 میں کھیلی گئی جبکہ دونوں ٹیموں کے مابین آخری ٹیسٹ میچ 2007 کے آخری مہینے میں کھیلا گیا تھا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے شہرمیلبرن اور سڈنی میں پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی کی بڑی تعداد بستی ہے اور گزشتہ سال میلبرن میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے پاک بھارت میچ کو 90 ہزار شائقین نے دیکھا تھا۔
Comments are closed on this story.