Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مینار پاکستان جلسے سے قبل پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن، عثمان ڈار کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ

فرخ حبیب نے گرفتار ہونے والے کارکنوں کی فہرست جاری کردی
اپ ڈیٹ 25 مارچ 2023 06:31pm
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار

پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان پر جلسے سے قبل کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کی بڑی تعداد پی ٹی آئی سیکرٹریٹ جناح ہاؤس کے باہر موجود ہے، پنجاب پولیس نے گزشتہ روز سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی رہائش گاہ پر چھاپہ بھی مارا تھا۔

عثمان دار کا کہنا ہے کہ میری رہائش گاہ جناح ہاؤس کو ہر طرف سے پولیس نے گھیر رکھا ہے، پولیس کارکنان کو جلسہ گاہ جانے سے روکنا چاہتی ہے، پولیس کو خطرہ ہے کہ کارکنان جلسے میں شرکت کیلئے روانہ نہ ہوجائیں۔

عثمان ڈار نے جلسہ کےلیے روانگی کےلیے کارکنان کو 7 بجے کا وقت دے رکھا ہے۔

پولیس کے مطابق چھاپے کے وقت عثمان ڈار گھر پر موجود نہیں تھے۔

مزید پڑھیں: اب تک 750 پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، فواد چوہدری کا دعویٰ

پنجاب پولیس کی جانب سے رہائشگاہ پر چھاپے پر عثمان ڈار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری غیر موجودگی میں میرے گھر پر دھاوا بولا گیا،چھاپا ایسے مارا گیا جیسے کسی دہشت گرد کو گرفتار کرنا ہو۔

عثمان دار نے کہا کہ چھاپے کے وقت گھر میں صرف خواتین موجود تھیں، چھاپا مار کارروائی مینار پاکستان کا جلسہ ناکام کروانے کے لیے کی جا رہی ہے۔

پولیس کی جانب سے لاہور اور قصور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

سنئیر نائب صدر نشتر ٹاؤن آصف جٹ کے گھر پر دوسری بار چھاپا مارا گیا، پولیس نے گزشتہ ہفتے آصف جٹ کے بیٹے جمشید جٹ کو گرفتار کیا تھا۔

قصور سے عتیق مہر کے چھوٹے بھائی مہر علی کو گرفتار کرلیا گیا۔

قصور میں پولیس نے حاجی مقصود صابر انصاری کے گھر پر چھاپا مارا، حاجی مقصود صابر انصاری پی پی 176 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔

ننکانہ صاحب میں پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں میں بھی چھاپے مارے گئے، کارکن بابر شاہ اور ڈاکٹر ضیاء کو گرفتار کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے سوشل میڈیا فوکل پرسن گھر سے لاپتہ، پی ٹی آئی کا پولیس پر اغوا کا الزام

صادق آباد، پتوکی اور شاہ کوٹ میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں کے لئے چھاپے مارے گئے۔

ملتان میں پی ٹی آئی رہنما جاوید انصاری کے بیٹے سمیت 26 کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا۔

نگراں حکومت جلسے کو ناکام بنانے کیلئے پنجاب میں گرفتاریاں کر رہی ہے، فرخ حبیب

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ لودھراں اور بھکر سے بھی ان کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ یہ نام کی نگراں حکومت ہے جو مینار پاکستان کے جلسے کو ناکام بنانے کے لئے پنجاب بھر میں گرفتاریاں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں کریک ڈاؤن کے لئے پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کی لسٹیں سامنے آگئی ہے، جو مرضی کرلو انشاللہ آج نماز تراویح کے بعد عوام کا سمندر مینار پاکستان پہنچے گا۔

Farrukh Habib

Usman Dar

lahore

punjab

PTI workers

Arrested

Minar e Pakistan

PTI jalsa

Political March 25 2023