نگراں وزیراعلیٰ کیخلاف پی ٹی آئی کی پٹیشن تیار، آج سپریم کورٹ میں دائر کرنے کا امکان
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کے خلاف آئینی پٹیشن تیار کر لی۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا، 11 صفحات پر آئینی پٹیشن علی ظفر اور عامر سعید نے تیار کی جسے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منگل کو دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پٹیشن آئین کے آرٹیکل 184 سب سیکشن 3 کے تحت تیار کی گئی جس میں الیکشن کمیشن، گورنر پنجاب، نگراں وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں پی ٹی آئی مؤقف اپنایا کہ نگراں وزیراعلیٰ سیاسی وابستگی رکھتے ہیں، وہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں متحرک رہے اور انہوں نے کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے نیب کو رقم واپس کی۔
پی ٹی آئی کی آئینی پٹیشن میں کہا گیا کہ نگراں وزیر اعلیٰ شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی معاونت کا پابند ہے، سیاسی وابستگی رکھنے والے نگراں وزیراعلی کی تعیناتی نا مناسب ہے، لہٰذا عدالت نگراں وزیراعلیٰ کو کام سے روکےاور الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرے۔
Comments are closed on this story.