Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کے مسائل کے ذمہ داروں کے نام سب جانتے ہیں، مشکلات سے ہم نکالیں گے، نواز شریف

پاکستان کو اپنی ذات کے گرد گھما کر ملک کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا گیا
اپ ڈیٹ 20 جنوری 2023 11:03am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر

مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ لوگ جانتے ہیں ایک میڈ مین 4سالوں میں پاکستان کا کیا حشر کر گیا ہے، پاکستان کو مشکلات سے ہم نکالیں گے۔

لندن میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا وہ پاکستان کے مسائل کا ذمہ دار جنرل باجوہ اور جنرل فیض کو سمجھتے ہیں، جن کا نام آپ نے گوجرانوالہ کی تقریر میں لیا تھا؟ تو انھوں نے مسکراتے ہوئے اس کا جواب دیا کہ جی، آپ سب جانتے ہیں، سب واقف ہیں، اب نہ کسی کی شکل چھپی ہوئی ہے نہ نام چھپا ہوا ہے، آپ نے پاکستان کو اپنی ذات کے گرد گھمایا ہے،اس قوم کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا گیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ اس کے 4سالوں کا میرے 4سالوں سے ذرا مقابلہ تو کریں، لوگ خود دیکھیں گے ہمارے دور میں کیا حالات تھے، لوگ کتنے خوشحال تھے اور آج اس کے 4سالوں میں لوگ کتنے بدحال ہوئے ہیں، ہم نے پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے حکومت سنبھالی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہ اس نے پاکستان کے جو حالات پیدا کر دیے تھے، ہم تباہی کے کنارے پہنچ گئے تھے،اس کے دور میں آپ میری بہت سی باتیں سن چکے ہیں، آپ میرا گوجرانوالہ کا جلسہ بھی یاد کریں جس میں میں نے کہا تھا کہ یہ خرابی،یہ ذمہ دار ہیں،میں نے ہر بات کھول کر رکھ دی تھی۔

سابق وزیرعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کے ساتھ جو ستم ظریفیاں ہوئی ہیں، جو ظالمانہ سلوک کیا گیا ہے،اس کو بتانا میری ذمہ داری ہے، عوام تک پہنچانا میری ذمہ داری ہے اور اس کو ٹھیک کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2020 کے دوران گوجرانوالہ میں ایک تقریر کے دوران نواز شریف نے اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر اپنی حکومت کو ’رخصت‘ کرانے اور عمران خان کی حکومت کے لئے ’جوڑ توڑ ’کرنے کا الزام لگایا تھا۔

انہوں نے اس وقت کے آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سب کچھ آپ کے ہاتھوں سے ہوا ہے، جواب بھی آپ کو دینا ہوگا‘۔

PMLN

london

Nawaz Sharif

پاکستان

imran khan