’صدر وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں‘
پاکستان تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر اتحادی حکومت کو عام انتخابات پر مذاکرات کی پیشکش کردی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینئر نائب صدر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صدر وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں، یہ صدر کی صوابدید ہے کہ کب وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کا کہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آئین کےتحت گورنر 48 گھنٹے میں سمری منظور کرنے کے پابند ہیں، لہٰذا گورنر فوری طور پر اسمبلی کی تحلیل کاحکم نامہ جاری کریں، حمزہ شہباز سے بھی نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لئے رابطہ کیا جا رہا ہے، نگراں سیٹ اپ کے لئے غیر جانبدار لوگوں کے نام دیں گے، ہمیں اُمید ہے الیکشن کمیشن غیر مشکوک افراد کا تقرر کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ محمود خان نے اسمبلی کی تحلیل کی سمری تیار کر رکھی ہے، پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتیں عوام کو ووٹ کےحق سے محروم رکھنا چاہتی ہیں، الیکشن کے بغیر جمہوریت کا تصور نہیں کیا جاسکتا، لہٰذا اب بھی وقت ہے ہمارے ساتھ بیٹھیں اور الیکشن پر بات کریں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ تین ماہ بعد دو اسمبلیوں کے انتخابات ہوں گے، 6 ماہ بعد باقی اسمبلیوں کے الیکشن ہوں گے، اسی لئے بہتر ہے تمام اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ کرائے جائیں۔
Comments are closed on this story.