اسلام آباد پولیس کی 1667 اسامیوں کیلئے ہزاروں امیدوار، اسٹیڈیم بھر گیا
اسلام آباد پولیس نے 1667 بھرتیوں کے لیے گذشتہ دنوں اشہتار دیا تھا جس پر 30 ہزار افراد نے ملازمت کی درخواستیں دیں۔ ہفتہ کو یہ امیدوار جب تحریری امتحان دینے پہنچے تو اسلام آباد اسٹیڈیم بھر گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیوز میں اسٹیدم کو مکمل طور پر بھرا دیکھا جا سکتا ہے جب کہ کئی امیدوار اسٹیڈیم کے اندر دوڑ کے ٹریک پر بھی بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔
پاکستان میں عام طور پر کسی بھی اسٹیڈیم میں اتنا رش بین الاقوامی کرکٹ میچز کے دوران دکھائی دیتا ہے۔
تحریری امتحان دینے والوں میں مرد اور خواتین امیدوار شامل تھے۔
امیدواروں کو ایک دوسرے سے کچھ فاصلے پر بیٹھا گیا تاہم یہ فاصلہ عام اسکول امتحانات کے فاصلے سے زیادہ نہیں تھا۔
تحریری امتحان کے لیے اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا انتخاب کیا گیا جہاں ایک اسٹیڈیم کے علاوہ دیگر سہولتیں بھی ہیں۔
اسٹیڈیم کے باہر مزید ہزاروں افراد جمع تھے جو ان امیدواروں بالخصوص خواتین کے ساتھ آئے۔ تاہم ان افراد کو اسپورٹس کمپلیکس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔
سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے ان مناظر کو ملک میں بڑھتی بیروزگاری کا ثبوت قرار دیا۔ پولیس کی 1667 اسامیوں پر 30 ہزار امیدواروں کے درخواست دینے کا مطلب ہے کہ ہر اسامی کے لیے 18 امیدوار میدان میں ہیں۔
تحریری امتحان میں جن امیدواروں نے حصہ لیا وہ فزیکل ٹیسٹ پہلے ہی پاس کر چکے ہیں۔
جن اسامیوں پر بھرتی کی جا رہی ہے وہ 7 ویں اسکیل کے کانسٹیبل کی ہیں۔ امیدواروں کا تعلق چاروں صوبوں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے ہے۔
خاردار تاریں
بھرتی ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد میں اور بالخصوص اسپورٹس کمپلیکس پر کڑے سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ اسٹیڈیم کے اندر بھی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے پولیس اہلکار تعینات تھے۔
اس دوران شہر کی معروف شاہراہ سری نگر ہائی وے تک رسائی کئی جگہ بند رہی۔ پولیس نے خاردارتاریں لگا کراسپورٹس کمپلیکس جانے والے راستے سیل کر دیئے۔
Comments are closed on this story.