بلیک میل کرنے کیلئے گندی ویڈیوز، آڈیوز سوشل میڈیا پر نکالی جا رہی ہیں، عمران خان
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ ہمیں بلیک میل کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر گندی آڈیوز اور ویڈیوز نکالی جا رہی ہیں۔
لاہور میں کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پہلے سب کہہ رہے تھے اسمبلیاں تحلیل کرو، اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا تو 2 عدم اعتماد آگئیں۔
پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں توڑنے پر عمران خان نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرکے الیکشن میں جانا ہمارا آئینی حق ہے، یہ لوگ ڈرے ہوئے ہیں اسی لئے پنجاب میں گورنر راج لگانے کی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کس نے اپنی حکومتیں گرائی ہیں، حکومت نہ گرانے سے ہمیں تو فائدہ ہونا ہے، ہمارا ملک دلدل میں پھنستا جارہا ہے، 8 ماہ پہلے ایک شخص نے عوام کے ساتھ ظلم کیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’گندی ویڈیوز، آڈیوز نکل رہی ہیں، بچے ہمارے سوشل میڈیا پر گند دیکھ رہے ہیں صرف اس لیے کہ کسی طرح بلیک میل کیا جائے اور ہم ان چوروں کو ہضم کر لیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ملک تیزی سے تباہ ہو رہا ہے، فوری انتخابات نہ کرائے تو ملک ہاتھوں سے نکل جائے گا، یہ عمران خان کی نہیں، پوری قوم کی جنگ ہے، ایک آدمی نے ہمارے ساتھ دشمنی کی، ایسا لگتا ہےکہ میں کوئی غدار یا ملک دشمن ہوں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 70 فیصد پاکستانی فوری انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں، ایک آدمی پی ٹی آئی اور مجھے ختم کرنا چاہتا تھا، ارشد شریف، شہباز گل، اعظم سواتی کے ساتھ ظلم کیا گیا، مجھے راستے سے ہٹانے کی بھی کوشش کی گئی۔
ملک میں بڑھتی دہشتگردی پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک آدمی کے فیصلے کی وجہ سے 8 ماہ کے دوران ایک چیز میں بھی بہتری نہیں آئی، آج دہشتگردی میں اضافہ ہو رہا ہے، ہمارے افغان حکومت سے اس وقت تعلقات اچھے تھے، ہم نے افغان انخلا میں مدد فراہم کی جس پر عالمی رہنماؤں نے ہمارا شکریہ ادا کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف کا نظام قائم نہ کیا تو ملک تباہ ہو جائے گا، شریف اور زرداری الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں، یہ چوری بچا کر ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
عمران خان نے اداروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جن کا اسٹیک پاکستان میں ہے ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو ملک کی فکر ہے، جتنی جلدی الیکشن ہوگا اتنی جلدی ہمیں اس دلدل سے نکلنے کا موقع ملے گا۔
Comments are closed on this story.