Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اعظم سواتی سندھ پولیس کے حوالے، خصوصی طیارے سے کراچی منتقل

پورے ملک میں ایک ہی ایشو پر مقدمات درج کیے گئے ہیں، وکیل
اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2022 06:50pm
اعظم سواتی (فوٹو:فائل)
اعظم سواتی (فوٹو:فائل)

رہنما پاکستان تحریک انصاف سینیٹر اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس نے سندھ پولیس کے حوالے کردیا جنہیں بعد ازاں خصوصی طیارے سے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں درج مقدمات کے اندراج کے معاملے پر سندھ حکومت و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

سندھ ہائیکورٹ میں اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کی مقدمات کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت عدالت نے کہا کہ جس کیخلاف مقدمات ہیں وہ کہاں ہیں؟ جس پر اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ اعظم سواتی گرفتار ہیں، انہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے، پورے ملک میں ایک ہی ایشو پر مقدمات درج کیے گئے ہیں، یہ مقدمات سپریم کورٹ کے فیصلوں کیخلاف ورزی ہے- پانچ مقدمات کراچی اور ایک مقدمہ قمبر میں درج کیا گیا ہے۔

عدالت نے سندھ حکومت، پراسیکیوٹر جنرل، آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے متعقلہ ایس ایس پیز سے درج مقدمات سے متعلق 22 دسمبر کو رپورٹ طلب کرلی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی بزرگ سیاستدان ہیں، سب جانتے ہیں کہ ان کی کس طرح تذلیل کی گئی۔ عمران خان کے واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جاتا لیکن اعظم سواتی کیخلاف پورے ملک میں مقدمات درج کرلیے گئے۔

Sindh government

Sindh High Court

Azam Swati