Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کیا اپنی ویڈیو صرف سپریم کورٹ ججز کو دکھا سکتا ہوں، اعظم سواتی کا چیف جسٹس سے استفسار

پیمرا اور پی ٹی اے کو مبینہ ویڈیو ہٹانے کا حکم دے دیتے ہیں، چیف جسٹس
اپ ڈیٹ 07 نومبر 2022 03:04pm
چیف جسٹس پاکستان اور پی ٹی آئی رہنما
چیف جسٹس پاکستان اور پی ٹی آئی رہنما

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے عمران خان توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران اعظم سواتی سے مکالمہ کیا اور کہا کہ سواتی صاحب آپ کی درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں، معاملے کو قانون کے مطابق ہی دیکھا جائے گا۔

اعظم سواتی نے ججوں سے مکالمے کے دوران اور عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ویڈیو اصلی ہے، جعلی نہیں۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے اعظم سواتی کی نازیبا ویڈیو کو جعلی قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں عمران کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی روسٹرم پر آگئے۔

چیف جسٹس نے اعظم سواتی سے مکالمہ کیا کہ سواتی صاحب آپ کا مقدمہ ہیومن رائیٹس سیل نے ٹیک اپ کیا ہوا ہے، آپ کی درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں، معاملے کو قانون کے مطابق ہی دیکھا جائےگا۔

چیف جسٹس نے مکالمہ کیا کہ آپ کبھی سپریم کورٹ کے ریسٹ ہاؤس میں نہیں ٹھہرے، اس پر اعظم سواتی نے جواب دیا کہ جی آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں، میں کوئٹہ فیڈرل لاج میں ٹھہرا تھا۔

اعظم سواتی نے سوال کیا کہ کیا میں اپنی ویڈیو صرف سپریم کورٹ ججز کو دکھا سکتا ہوں ،جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کا ایچ آرسیل سارا معاملہ دیکھ رہا ہے، کہتے ہیں تو آج ہی آپ کو دوبارہ بلا لیتے ہیں، ضرورت ہوئی تو ضرور مداخلت کریں گے ۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ پیمرا اور پی ٹی اے کو مبینہ ویڈیو ہٹانے کا حکم دے دیتے ہیں، جس پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے جوویڈیوہٹائی جائے وہ ویڈیو وہ نہ ہوجو مجھے بھیجی گئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ارشد شریف قتل کیس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل پر ان کی والدہ کے خط پربھی ایچ آر سیل تحقیق کررہا ہے، قتل پرفیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی رپورٹ کو دیکھیں گے، تحقیقاتی کمیشن معاملے کی تحقیق کے لئے کینیا گیا تھا، اس کمیشن سے رپورٹ منگوا رہے ہیں، سپریم کورٹ خود تحقیقات نہیں کرسکتی، پہلے مواد آجائے پھر معاونت میں آسانی ہوگی، مواد کے بغیر تو عدالت ادھر ادھر سر مارتی رہے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سواتی صاحب پتہ نہیں آپ کے کتنے دشمن ہوں گے، سچ جھوٹ کی تہوں کے نیچے دبا ہوا ہے، سواتی صاحب آپ کہہ رہے ہیں تویقینا اس کی وجہ ہوں گی۔

’ویڈیو اصلی ہے‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹراعظم سواتی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی اہلیہ اور بیٹے کو بھیجی گئی ویڈیو اصلی ہے، تاہم اس میں چند چیزوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سینیٹر اعظم سواتی نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افواہ پھیلائی جارہی ہے کہ ویڈیو جعلی ہے، میری زبان جواب دے چکی ہے، یہ ویڈیو میری بیوی اور بیٹے کو بھیجی گئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس ویڈیو میں چند اضافی چیزیں ڈالی گئی ہیں، باقی وہ ویڈیو اصلی ہے، یہ ویڈیو کوئٹہ میں 2 راتوں کے دوران اس وقت بنائی گئی جب میں چیئرمین سینیٹ کا مہمان تھا۔

Supreme Court

اسلام آباد

imran khan

Azam Khan Swati

PTI long march 2022

Azadi March Nov 7 2022