Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد کے راستے بند کرنے کی تیاری پر پولیس الرٹ، گرفتاریوں کا اعلان

دو ہفتے کیلئے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اسلام آباد پولیس
شائع 07 نومبر 2022 07:40am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصآف نے آج (پیر کی) شب سے اسلام آباد کے داخلی راستے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے جس پر اسلام آباد پولیس الرٹ ہوگئی ہے اور اسلام آباد میں مقیم باہر سے آئے پی ٹی کارکنوں کی گرفتاری کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے راستے مسدود کرنے کااعلان کیا ہے۔ اگلے دو ہفتے تک شہریوں، طلبا اورمریضوں کومشکلات کاسامناکرناپڑسکتاہے، سندھ اورایف سی کی نفری اسلام آبادطلب کی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے راستوں کی بندش کا اعلان پرویز خٹک نے کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکن پیر کی رات سے اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کریں گے اور منگل سے خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں لانگ مارچ شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیرآباد سے منگل کو مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حقیقی آزادی مارچ وزیرآباد سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان، عمران آن لائن خطاب کریں گے

اسی دوران اتوار کی شب اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری دو بیانات میں کہا گیا ہےکہ ”سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے مسدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں ، طلباء اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کےلئے پکار 15 پر کال کریں۔“

بیان میں مزید کہا گیا کہ ”اسلام آباد میں بلا اجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جن سیاسی کارکنان کی شناخت کی جاچکی اور مقدمات درج ان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کارروائی کررہی ہے۔“

اسلام آباد پولیس نے کہاکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے آنے والے قومی اور بین الاقوامی مہمانوں کےلیے راستے کھلے رکھے جائیں گے۔ ائیر پورٹ کےلیے بلا رکاوٹ آمد و رفت قومی تشخص کےلیے اہمیت کی حامل ہے۔وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے ائیرپورٹ اور موٹر وے تک آمد و رفت کے راستوں کی نگرانی کریں گے۔

پولیس نے یہ بھی کہا کہ تمام سیاسی احباب سے گذارش ہے کہ انتظامیہ سے اجازت کے ساتھ مختص مقام پر احتجاج کریں۔ عوام سے گذارش ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ کسی بھی شر پسندانہ سرگرمی اور افراد کی اطلاع پکار 15 پر دیں۔

اسلام آباد پولیس نے کہاکہ ”اگلے دوہفتوں میں عوام کوممکنہ درپیش مشکلات پرمعذرت خواہ ہیں۔متوقع امن عامہ کے پیش نظرعوام کورکاوٹیں درپیش آسکتی ہیں۔“

islamabad police

PTI protest

Azadi March Nov 7 2022