الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ کے واقعے کیخلاف مقدمہ درج
الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کے باہر فائرنگ کے واقعے کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
فائرنگ کے واقعے پر پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان اور خیبر پختونخوا پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا ہے۔
درج مقدمے میں اقدام قتل اور پولیس کے ساتھ مزاحمت کی دفعات بھی شامل ہیں جس میں صالح محمد خان، گن مین تصدق علی شاہ اور شاہ زیب کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
اسلام آباد پولیس نے کے پی پولیس اہلکار سے ہاتھا پائی کے بعد رکن قومی اسمبلی صالح محمد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس اہلکار نے صالح محمد کے سکیورٹی گارڈ سے بندوق چھیننے کی کوشش کی جس دوران اچانک گولی چل گئی جس کے بعد اسلام آباد پولیس اہلکاروں نے گارڈ سے کلاشنکوف چھین کر اسے بھی حراست میں لے لیا تھا۔
Comments are closed on this story.