ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس
ملک بھر میں میلاد النبیﷺعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر شہر چراغاں، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔
دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔
عید میلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں محافل سماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس نکالے جارہے ہیں، محافل درود و سلام کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے اور پیغمبرِ امنﷺ کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں جاری
جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیاہے جبکہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراؤں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
کراچی
کراچی میں آقائے دو جہاں کی ولادت کا جشن منایا جارہا ہے، جہاں مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جو کہ جشن میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گی۔
جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مرکزی جلوس اور جلسے کے انتظامات کو جماعت اہلسنّت کراچی کے ایک ہزار رضا کار اور اسکاؤٹس انجام دیں گے۔
لاہور
لاہور میں 36 ماڈل بازاروں میں بھی عشرہ رحمت اللعالمین جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے، محفل میلاد کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جبکہ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ مرکزی جلوسوں،محافل اورریلیوں کو سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں،06ایس پیز،34ڈی ایس پیزسمیت 03 ہزار سے زائد پولیس افسران اہلکار تعینات ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 12ربیع الاول کے پروگراموں کو محفوظ اور پر امن بنائیں گے، مساجد، امام بارگاہوں اور پبلک مقامات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، 12 ربیع الاوّل کے تمام پروگرامز پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے ۔
حیدرآباد
حیدرآباد میں بھی گلی محلوں اور عمارتوں کو سجا دیا گیا، مساجد بھی رنگ برنگی قمقموں سے جگمگانے لگیں۔
سکھر
سکھر میں بھی عاشقان رسول حضور کریمﷺ کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہے، دریائے سندھ میں کشتی ریلی نکالی گئی۔
ملک بھر میں عاشقان رسول سرور کونین حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہیں اور نبی کریمﷺ پر درود و سلام بھیج رہےہیں۔
Comments are closed on this story.