Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیفا ورلڈکپ 2022: قطر جانے کے خواہشمند “اسرائیلیوں” کو خود کو “فلسطینی” تسلیم کرنا ہوگا

مبینہ اسرائیلی حدود کو "مقبوضہ فلسطینی علاقہ" قرار دیا گیا تھا تاہم اب اسے صرف "فلسطین" میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
شائع 22 اگست 2022 06:54pm
آفیشل فیس بک پیج/ فیفا
آفیشل فیس بک پیج/ فیفا

قطر میں ہونے والے “فیفا ورلڈ کپ 2022” کی مہمان نوازی کی سرکاری ویب سائٹ “Winterhill Hospitality” نے اسرائیل کے بجائے فلسطین کو ملک قرار دیا ہے، یعنی اب میچ دیکھنے کیلئے قطر جانے والے اسرائیلی شائقین کو خود کو فلسطینی تسلیم کرنا ہوگا۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی “وفا” کے مطابق اس فہرست میں پہلے مبینہ اسرائیلی حدود کو “مقبوضہ فلسطینی علاقہ” قرار دیا گیا تھا تاہم اب اسے صرف “فلسطین” میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

 وفا نیوز ایجنسی
وفا نیوز ایجنسی

فلسطینیوں اور فلسطین کے حامی کارکنوں نے اس اقدام کی تعریف کی تھی، جبکہ اسرائیلی اور صہیونی حامیوں نے اسے “یہود مخالف” قرار دیا تھا۔

ہانگ کانگ کی ایک کمپنی ونٹرہل ہاسپیٹلیٹی کے پاس ورلڈ کپ کے لیے مہمان نوازی کی خدمات پیش کرنے کے خصوصی حقوق ہیں۔

ونٹر ہل ہاسپیٹلیٹی کی ذیلی کمپنی “میچ ہاسپیٹلیٹی” دنیا کی واحد کمپنی ہے جسے فیفا نے ورلڈ کپ قطر 2022 کے ہر میچ کے لیے ٹکٹوں سمیت خصوصی مہمان نوازی کے پیکجز کی پیشکش اور ضمانت کی اجازت دی ہے۔

 وفا نیوز ایجنسی
وفا نیوز ایجنسی

ایک ٹوئٹر صارف نے اسرائیل کو فلسطین سے تبدیل کرنے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، “قطر نے ورلڈ کپ کے صفحہ سے اسرائیل کو ہٹا دیا اور اس کی جگہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو شامل کر دیا۔ قطر اور امیر زندہ باد۔”

ایک اور ٹویٹر صارف نے کہا کہ “سچائی جسے پوری دنیا کو دہرانا چاہیے، اس میں ‘اسرائیل’ نہیں بلکہ ‘مقبوضہ فلسطینی علاقے’ ہیں۔”

ایک صارف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ “ورلڈ کپ کے ممالک کی فہرست سے اسرائیل کا نام نکالنے پر قطر کا شکریہ، قطر کی حکومت کو سلام۔”

اس دوران، اسرائیلی قبضے کے حامیوں نے سرکاری ویب سائٹ پر اسرائیل کو ایک آپشن کے طور پر درج کرنے سے انکار کرنے پر دوحہ کی مذمت کی۔

اسرائیل اور اسرائیل نواز گروہوں نے بارہا فلسطینی کاز کی تمام تحریکوں اور حمایت کو “یہود مخالف” قرار دینے کا سہارا لیا ہے۔

اسرائیل نے جون میں فیفا کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت اسرائیلیوں کو ٹورنامنٹ کے ٹکٹ خریدنے اور قطر میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی، یہ پہلی بار ہوا کہ اسرائیلیوں کو غیر ملکی پاسپورٹ استعمال کیے بغیر ملک میں قبول کیا جائے گا۔

اپنے خلیجی عرب پڑوسیوں، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے برعکس، جنہوں نے حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ معمول کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، قطر نے فلسطینی ریاست کے قیام پر تعلقات کو معمول پر لانے کی شرط رکھی ہے۔

Israel

doha

Palestine

qatar

FIFA World Cup 2022

Winter Hill Hospitality

Ticket Booking