Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  
Live
Politics May 2 2023

حافظ نعیم الرحمان نیا الطاف حسین بننے کی کوشش کررہے ہیں، سعید غنی

ہم نے 2017 کی مردم شماری پر اعتراض کیا، ایم کیو ایم اس کابینہ میں شامل تھی جس نے منظوری دی، صوبائی وزیر
شائع 02 مئ 2023 10:52pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نیا الطاف حسین بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

کراچی کے علاقے لیاری میں میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے کہا کہ وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے 2017 کی مردم شماری پر اعتراض کیا تھا، ایم کیو ایم اس کابینہ میں شامل تھی جس نے منظوری دی۔

پیپلزپارٹی رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے مزید کہا کہ شاید انھیں معلوم نہیں کہ کوئٹہ اور لاہور کی آبادی کم ہوئی ہے ہم کہتے پورے ملک میں مردم شماری ہورہی ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نیا الطاف بننے کی کوشش کررہے ہیں، یہ جماعت اسلامی کو نسلی جماعت بنانا چاہتے ہیں، اگر جماعت اسلامی نسلی جماعت ہے تو اس کا اعلان کردینا چاہیے۔

’سابق جنرل نے تمہیں اور تم نے 22 کروڑ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا‘

‎قوم کو 4 سال سمجھ نہیں آیا ملک اور عوام کو تم نے کیسے لوٹا، مریم اورنگزیب کی عمران خان پر تنقید
شائع 02 مئ 2023 10:24pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تو وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی جوابی بیان داغ دیا۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‎قوم کو چار سال سمجھ نہیں آیا ملک اور عوام کو تم نے کس طرح ، کیسے اور کہاں کہاں سے لوٹا۔ ‎عوام اور ملک کے ساتھ جو ہوا تاریخ میں کہیں کسی ملک کے ساتھ یہ ظلم نہیں ہوا۔

عمران خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ قومی احتساب بیورو کو جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کنٹرول کرتے تھے۔

وفاقی وزیر نے چیئرمین تحریک انصاف کے اس دعوے پر ردعمل میں کہا کہ سابق جنرل نے تمہیں اور تم نے بائیس کروڑ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا تھا۔ تم نے چار سال اپنے دماغ سے صرف ملک کو لوٹا باقی سب دوسروں کے کہنے پر کیا۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ تمہیں کبھی اداروں نے دوسروں کی کرپشن کا بتایا، کبھی سابق جنرل نے بتایا، تمہارے ثبوت کہاں ہیں۔ ‎مریم اورنگزیب نے عمران خان پر طنزیہ سوال اٹھایا کہ تم بند کمرے میں اسے تاحیات ایکسٹنشن کی آفر کررہے تھے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ چار سال تم نے اپنی بیگم اور اُن کی سہیلی فرح خان کو نوازا ، چار سال صرف آٹا ، چینی ، بجلی گیس مافیا کو فائدہ پہنچایا، ‎تم نے سازش کرکے پنجاب اور کے پی کے نمائندوں کی توہین کی۔

مبینہ آڈیو لیکس پر ثاقب نثار کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، نواز شریف

سابق چیف جسٹس نے لوگوں اور ملک کے ساتھ ایسے ظلم کیے جو ناقابل بخشش ہیں، قائد ن لیگ
اپ ڈیٹ 03 مئ 2023 08:27am
سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو — فائل
سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو — فائل

سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔

لندن میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ثاقب نثار نے جو ظلم کیا وہ ناقابل قبول ہے، سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیوز اور آئین و قانون کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ دوسرے لوگ آئین و قانون کی خلاف ورزی پر سیدھا جیلوں میں جاتے ہیں۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ ثاقب نثار کس کس چیز کا دفاع کریں گے، انہوں نے لوگوں اور ملک کے ساتھ ایسے ظلم کیے جو ناقابل بخشش ہیں۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا گیا تو سڑکوں پر نکلوں گا، عمران خان

نیب جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کنٹرول کرتے تھے، پی ٹی آئی چیئرمین
شائع 02 مئ 2023 09:14pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب/ فائل
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب/ فائل

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابات پر سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا گیا تو میں سڑکوں پر نکلوں گا۔

نجی ٹی وی 92 نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کام یہ نہیں ان کے فیصلے پر عملدرآمد ہوگا یا نہیں بلکہ انہیں آئین کے تحت فیصلہ کرنا چاہئے اور اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنےکا افسوس نہیں، آئین کہتا ہے 90 روز میں الیکشن کرائیں، آئین پر عملدرآمد کے لئے ہم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی تو ملک نہیں چلےگا، پتہ چلا ہے 2018 کے الیکشن میں ہماری نشستیں کم کرائی گئیں اور اب مجھےحکومت سے باہر رکھنےکے لئے کتنی بڑی قیمت ادا کی جا رہی ہے۔

سابق آرمی چیف سے متعلق سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کنٹرول کرتے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ اوور سیز پاکستانی سرمایہ کاری اسی لئے نہیں کرتے کیونکہ لوگوں کی ملک سے امید ختم ہوگئی ہے، لوگ بیرون ملک جا رہے ہیں، تھوڑے عرصے میں 9 لاکھ افراد پاکستان چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

قائد ن لیگ اور آصف زردارے کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نوازشریف نے اقتدار میں آنے کے بعد 17 فیکٹریاں بنائیں، نواز اور زرداری نے ہمیشہ کرپٹ لوگوں کو نوازا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام زیادہ تبدیلی چاہتے ہیں، جو پہلے ایم کیوایم کرتی تھی پیپلز پارٹی اندرون سندھ میں وہی ظلم کرتی ہے۔

ثاقب نثار کے بیٹے کی لیک آڈیو: تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کی قراردار منظور

جے یو آئی کی رکن شاہدہ اختر نے ایوان میں قرارداد پیش کی
اپ ڈیٹ 02 مئ 2023 09:40pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

چیف جسٹس (ریٹائرڈ) ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات کیلئے کمیٹی کے قیام کی تحریک قومی اسمبلی میں منظور کرلی گئی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس (ریٹائرڈ) ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کیلیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی قرارداد منظور ہوگئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا۔ جے یو آئی کی رکن شاہدہ اختر نے ایوان میں قرارداد پیش کی اور ثاقب نثار کے بیٹے کی سامنے آنے والی آڈیو کی تحقیقات کیلیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا۔

تحریک پیش کرتے وقت شاہدہ اختر کا کہنا تھا کہ خصوصی کمیٹی آڈیولیک کی تحقیقات کرے، ایوان آپ کو اختیار دیتا ہے کہ آپ کمیٹی میں ارکان کوشامل کریں۔ جس کے بعد آڈیو تحقیقات سے متعلق خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک قومی اسمبلی میں منظور کرلی گئی۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی پنجاب اسمبلی کے حلقہ 137 سے پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے والے ابوذر سے گفتگو کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں انہیں پنجاب اسمبلی کے ٹکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا۔

نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد آج نیوز سے گفتگو میں سابق چیف جسٹس نے کہا تھا کہ میرے بیٹے کی ایک آڈیو ٹھیک ہے اور ایک میں وائس مکس کی گئی ہے۔اپنے بیٹے اور عزیر کو بلا کر پوچھا، بیٹے نے پیسوں کے حوالے سے بات کو غلط قرار دیا۔

پارلیمنٹ کو کوئی ڈکٹیٹ کرے گا تو ہم دفاع کریں گے، شازیہ مری

چیف جسٹس کو اپنے عہدے اور اختیارات کا احترام کرنا ہوگا، رہنما پیپلز پارٹی
شائع 02 مئ 2023 08:17pm
وفاقی وزیر اور رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری۔ فوٹو — فائل
وفاقی وزیر اور رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر اور رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کو کوئی ڈکٹیٹ کرے گا تو ہم دفاع کریں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ملک میں بحران کی وجہ پالیمان نہیں بلکہ ایک ججمنٹ سپریم کورٹ کی طرف آئی ہے، لہٰذا عدلیہ کو اپنے فیصلوں سے بات کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو کوئی ڈکٹیٹ کرےگا تو ہم دفاع کریں گے، پارلیمنٹ اور آئین کا دفاع ہمارا فرض ہے، چیف جسٹس پارلیمنٹ کو انڈر مائن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے۔

آڈیو لیکس کے معاملے پر شازیہ مری نے کہا کہ کسی کی نجی زندگی میں مداخلت نہیں ہونی چاہئے، لہٰذا پیپلز پارٹی آڈیو لیکس کی مذمت کرتی ہے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ہم اپنے اختیارات کا دفاع اور حقوق کا استعمال کریں گے جب کہ چیف جسٹس کو اپنے عہدے اور اختیارات کا احترام کرنا ہوگا، البتہ کسی چیف جسٹس کو ڈیم فنڈز کے نام سے فنڈز اکٹھےکرنے کا اختیار نہیں ہے۔

آصف زرداری سے فضل الرحمان کی ملاقات، حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات سے متعلق گفتگو

دونوں رہنماؤں نے پنجاب انتخابات سے متعلق کیسز پر بھی بات چیت کی، ذرائع
شائع 02 مئ 2023 07:17pm
فوٹو — اسکرین گریب/ سوشل میڈیا
فوٹو — اسکرین گریب/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور سربراہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی – ف) مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پنجاب خیبر پختونخوا انتخابات اور حکومتی اتحاد کے پی ٹی آئی سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے نشست میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت پنجاب انتخابات سے متعلق کیسز پر بھی بات چیت کی۔

اس کے علاوہ آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور مرحوم مفتی عبدالشکور کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔

توہین پارلیمنٹ بل چند روز بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

تمام سیاسی جماعتوں کا توہین پارلیمان بل پر اتفاق ہے، رانا قاسم
شائع 02 مئ 2023 06:27pm
قومی اسمبلی۔ فوٹو — فائل
قومی اسمبلی۔ فوٹو — فائل

اسلام آباد: توہین پارلیمان کا بل چند دن میں منظوری کے لئے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے استحقاق رانا قاسم کے مطابق بل کو پرائیویٹ ممبرز ڈے پر نجی بل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

قائمہ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا قاسم نے کہا کہ توہین پارلیمنٹ کا قانون وقت کی ضرورت ہے جس پر کافی عرصے سے کام کر رہے تھے، لہٰذا ہم توہین پارلیمنٹ کا بل ایوان میں لائیں گے۔

رانا قاسم کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا توہین پارلیمان بل پر اتفاق ہے، بل کی تیاری کے حتمی مراحل میں ہیں، بل ایوان میں لانا کوئی ماورائے آئین اقدام نہیں بلکہ یہ موجودہ ’ٹوتھ لیس‘ پارلیمان کو مضبوط کرے گا۔

قوم کو ماموں بنانے والے سپریم کورٹ کے مامے نہ بنیں، رانا ثناء کا فواد کے بیان پر ردعمل

مریم نواز کو نوٹس نہ بھیجیں بلکہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوکر کرپشن کا جواب دیں، وزیر داخلہ
شائع 02 مئ 2023 05:56pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ قوم کو ماموں بنانے والے سپریم کورٹ کے مامے نہ بنیں۔

ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مریم نواز کو نوٹس نہ بھیجیں بلکہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوکر کرپشن کا جواب دیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پورا قومی خزانہ عمران مافیا کے نشانے پر تھا، البتہ عدلیہ کا اختیار پارلیمنٹ نے شفاف بنایا ہے۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں مریم نواز کے خلاف فوجداری کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا تھا جب کہ الیکشن تاریخ نہ دینے پر مارچ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

بشریٰ بی بی کا مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ

جاوید لطیف، احسن اقبال اور اسحاق ڈار مذاکرات کو نقصان پہنچا رہے ہیں، رہنما پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 03 مئ 2023 08:42am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ساکھ کو نقصان پہنچانے پر مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’کل مریم نواز نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی فائلوں پر دستخط کروانے کے پیسے لے رہی تھیں۔ انہوں نے کبھی کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔‘

’بشریٰ بی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی طرف سے مریم نواز کو ایک نوٹس بھیجا جائے۔ مریم نواز کے خلاف ہم ساکھ کو نقصان پہنچانے پر پاکستان پینل کوڈ کے تحت فوجداری مقدمہ دائر کروانے جا رہے ہیں۔‘

فواد چوہدری نے سیاسی حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے نیب ترمیم کالعدم قرار دی تو یہ لوگ پھنس جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا آج آخری روز ہے، انتخابات کو 14 مئی سے آگے نہیں لے جایا جاسکتا اگر الیکشن کی تاریخ نہ دی گئی تو مارچ ہوسکتا ہے، ن لیگ کی اندرونی سیاست مذاکرات کو نقصان پہنچا رہی ہے، جاویدلطیف، احسن اقبال اور اسحاق ڈار مذاکرات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کیخلاف قوانین کاغلط استعمال کررہی ہے، دنیا پاکستان میں قوانین کےغلط استعمال کی مذمت کررہی ہے، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور اور حسان نیازی کی ضمانت ہوچکی ہے، اس کےباوجود رہنماؤں کو رہا نہیں کیا جارہا، سازش کے تحت عدالتی نظام کو ختم کیا جارہا ہے، تمام ادارے سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں، عدالت صرف فیصلےنہ کرے، اپنے فیصلوں پرعملدرآمد بھی کروائے۔

فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو نشانے پہ رکھا اور اعلان کیا کہ مریم نواز کیخلاف فوجداری مقدمہ دائر کررہے ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز نے ججز کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا، سپریم کورٹ کے 8 ججز مسلم لیگ ن کے نشانے پر ہیں یہ پارٹی عدالت عظمیٰ کے بینچ کو فیصلے سے روکنا چاہتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈز کی بلڈنگ ہی پاناما کے ثبوت ہیں نوازشریف کو پاناما ریفرنس میں ہی سزا ہوئی ہے، گزشتہ روز مریم نواز نے بشریٰ بی بی پر بھی الزام لگایا حالانکہ انھوں نے کبھی سیاست میں حصہ نہیں لیا، عمران خان کی اہلیہ کی جانب سے مریم کو نوٹس بھیجا رہا ہے، مریم نواز کیخلاف فوجداری مقدمہ دائرکررہے ہیں، بشریٰ بی بی کی طرف سے مریم نواز کو آج نوٹس بھیجا جائے گا۔

سیاسی حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ این آراو بچانے کیلئے سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا جارہا ہے، عدالت عظمیٰ نے نیب ترمیم کو کالعدم قرار دے دیا تو یہ پھنس جائیں گے، پورا پاکستان سپریم کورٹ اور فیصلوں کے ساتھ کھڑا ہے، عدالتی فیصلوں پرعملدرآمد کروانا عوام کا کام ہے، حقوق کی حفاظت کیلئے سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے بیرونی دوروں پر سب سے کم خرچ ہوا،عمران خان کے دوروں پر 17 کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ نوازشریف کے دوروں پر 4 ارب روپے خرچ ہوئے اور بلاول کے دوروں کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جارہی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر توہین کے معاملے پر بہت حساس ہیں لیکن ڈنڈے کے زور پر عزت نہیں کروائی جاسکتی، اپنے اقدام و اخلاق سے اپنی عزت کروائی جاتی ہے، چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ادارے کی عزت کم کردی ہے، اپنے ادارے کو ہی ختم کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ووٹ کے حق سے محروم ہیں، پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آگیا لیکن ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ پر خاموشی ہے، تحریک انصاف چیف الیکشن کمشنر کےخلاف نیا ریفرنس بھیج رہی ہے، سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے ہمارے لوگوں کو سیاسی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے موجودہ الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

الیکشن فنڈز پر حکومتی مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک طرف کہا گیا کہ زہر کھانے کو پیسے نہیں اور دوسری جانب 6 کروڑ کا چیف الیکشن کمشنر کا نیا گھر بنایا جارہا ہے، عمران خان کا بدعنوانی کا ایک کیس بھی نہیں ہے ان پر اور ہمارے دیگر رہنماؤں پر دہشتگردی کے مقدمات بنائے گئے۔

سپریم کورٹ میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان

تعطیلات 10 ستمبر تک جاری رہیں گی۔
شائع 02 مئ 2023 04:31pm
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

سپریم کورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جن کا آغاز 15 جون سے ہوگا۔

اسسٹنٹ رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 15 جون سے شروع ہونے والی تعطیلات 10 ستمبر تک جاری رہیں گی۔

موسم گرما کی تعطیلات کے بعد 11 ستمبر سے عدالت دوبارہ کھلے گی۔

اینٹی کرپشن کی ٹیم عثمان بزدار کی گرفتاری کیلئے پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پر ڈی جی خان میں سرکاری اراضی پر قبضے کا مقدمہ درج
اپ ڈیٹ 03 مئ 2023 08:53am

اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم تحریک انصاف کے رہنما عثمان بزدارکو گرفتار کرنے پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف نیب میں مبینہ کرپشن اور کرپٹ پریکٹس کیس کی تفتیش چل رہی ہے، اسی حوالے سے وہ آج نیب لاہورپیش ہوئے جہاں نیب ٹیم نے ان سے 2 گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ کی۔

عثمان بزدارنے گزشتہ پیشی پر سوالنامہ کے جوابات دینے سے معذرت کی تھی، نیب حکام نے انہیں کو آج پھر طلب کررکھا تھا۔ نیب حکام نے ان سے تونسہ اور ڈی جی خان میں جاری کیے جانے والے ترقیاتی فنڈز سے متعلق بھی سوال کیے۔

سابق وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نیب آفس میں پیشی کے بعد واپس روانہ ہوگئے، اور کچھ ہی دیر بعد ان کی گرفتاری کے لئے اینٹی کرپشن کی ٹیم پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی، تاہم کسی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ذرائع اینٹی کرپشن کا کہناہے کہ عثمان بزدار پر ڈی جی خان میں سرکاری اراضی پر قبضے کا مقدمہ درج ہے، اور اینٹی کرپشن کی جانب سے آج ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار پنجاب یونیورسٹی کے ریسٹ ہاؤس میں مقیم ہیں، تاہم انتظامیہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اینٹی کرپشن کی کسی بھی کارروائی سے لاعلمی کا اظہار کیا، اور سابق وزیراعلیٰ کے یونیورسٹی میں ہونے یا نہ ہونے سے بھی لاعلمی ظاہر کی۔

دوسری جانب ذرائع اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں داخلے کیلئے انتظامیہ سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عمران خان کی پیشی کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے درخواست دائر

درخواست میں گاڑی کے احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت بھی مانگی گئی
اپ ڈیٹ 03 مئ 2023 08:49am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

سابق وزیراعظم عمران خان کے وکلاء نے 3 مئی کو پیشی کے دوران سیکیورٹی فول پروف بنانے کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں عمران خان کی گاڑی کے احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت بھی مانگی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں مقرر ہے، سب کو معلوم ہے کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، ان پر وزیرآباد لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ بھی ہوچکا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 28 اپریل کی پیشی کے دوران عمران خان کی گاڑی کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی کو پیدل چل کر عدالت تک جانا پڑا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کی پیشی کے دوران عدالتی احکامات کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں، عمران خان کی گاڑی اور اسٹاف ممبران کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی جائے۔

پارلیمان کے کام کوروکناغیر آئینی ہے، مسلم لیگ ن

کیا خود سے متعلق کیس کو سننا مفادات کا ٹکراؤ نہیں، لیگی رہنما
شائع 02 مئ 2023 03:10pm

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پارلیمان کا کام قانون سازی کرنا ہے، اور پارلیمان کے کام کو روکنا غیر آئینی ہے۔

ملک احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پارلیمان کا کام قانون سازی کرنا ہے، پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پاس کیا اور عدالت کی جانب سے اسے روکا گیا، پارلیمان کے کام کو روکنا ہم سمجھتے ہیں غیر آئینی ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عدالت میں سماعت کے دوران چند اعتراضات اٹھائے گئے، جس پر عدالت نے تحریری جواب طلب کیا ہے، پاکستان بار نے جسٹس مظاہر کے بینچ میں شامل ہونے پر اعتراض اٹھایا ہے، اس معاملے پر7 سینئر ججز کا بینچ بنایا جائے، اسی ایکٹ کے تحت چیف جسٹس کے اختیارات کو محدود کیا گیا ہے، کیا خود سے متعلق کیس کو سننا مفادات کا ٹکراؤ نہیں، انصاف ہوتا ہوانظرآناچاہئے، پرویز الٰہی کی ضمانت کیس میں بھی اعتراضات ہیں۔

ملک احمد خان

معاون خصوصی ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے کوڈ آف کنڈکٹ کی پابندی ہونی چاہئے، پارلیمان کے پاس اپنے اختیارات موجود ہیں، قانون میں از خود نوٹس پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی، سیاسی قیادت نے یہ طے کیاانتخابات ایک وقت پرہونےچاہیئے۔

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ عمران خان اوراس کی پارٹی کو ہر طرح کا ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، انہوں نے ایک اسٹے کے ذریعے کرپشن کیسز کی تحقیقات کو رکوا لیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے علاج کے چندے کو سیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کیا، وہ خود اعتراف کر چکے ہیں کہ انہوں نے پیسے سیاست کیلئے استعمال کئے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 4 سال تک ملک پرقبضہ گروپ مسلط رہا، پنجاب میں پرویزالٰہی اور اس کی کابینہ نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے۔

تحفظ دینے والے مجھے مارنا چاہتے ہیں تو تحفظ کون دے گا، عمران خان

مجھے وزیر آباد میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی
شائع 02 مئ 2023 02:21pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ رائٹرز

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے وزیر آباد میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی، تحفظ دینے والے مجھے مارنا چاہتے ہیں تو تحفظ کون دے گا۔

لاہور ہائیکورٹ میں 121 مقدمات کے اخراج سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کے دوران عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ مجھے وزیر آباد میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی، اسلام آباد میں بال بال بچا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی وردی میں ملبوس افراد نے مجھے قتل کرنا تھا، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، انہیں ڈر ہے کہ یہ الیکشن ہار جائیں گے، میں آگیا توان کا احتساب ہوگا، اس سے ڈرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزرات داخلہ کہتی ہے جان کو خطرہ ہے، مجھے کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی جا رہی، تحفظ دینے والے مجھے مارنا چاہتے ہیں تو تحفظ کون دے گا، مجھے ابھی تک عدلیہ نے بچایا ہے۔

اینٹی کرپشن کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت منظور، گھر پہنچ گئے

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو متعلقہ عدالت رجوع کرنے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 02 مئ 2023 08:19pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت کے بعد اپنے گھر پہنچ گئے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اپنی رہائشگاہ ظہور الہیٰ پیلس پہنچے تو کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا اور پرویز الہیٰ کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔

چوہدری پرویز الہی نے استقبال کرنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتے۔ ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے۔ جھوٹے الزامات لگانے والوں کے حصے میں صرف شرمندگی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ نگران حکومت دن رات پی ٹی آئی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے میں مصروف ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کی 15 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو متعلقہ عدالت رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔

چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں نے دلائل دیتے ہوئے کہ سابق وزیراعلی پنجاب کے خلاف بلا جواز مقدمات درج کر لیے گئے، 2 مقدمات میں عبوری ضمانت کروا لی، ایک اور مقدمہ رات گئے درج کیا گیا خدشہ ہے گرفتار کر لیا جائے گا، اینٹی کرپشن اور پولیس نے سیاسی بنیادوں پر بے مقدمہ درج کیا، ایک ہی مقدمے میں کرپشن کے متعدد اور بے بنیاد الزامات لگائے، تحقیقات میں اپنی بے گناہی کے لیے پیش ہونا چاہتا ہوں، عدالت دونوں مقدمات میں حفاظتی منظور کرے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر پرویز الہٰی کی 15 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

لاہورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء کو متعلقہ عدالت رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

پرویز الہٰی ضمانت کیلئے لاہو رہائیکورٹ میں پیش

اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی گھر پر آپریشن کے دوران حملہ کیس میں ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی۔

پرویز الہٰی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیاکہ پولیس کی جانب سے گھر پر آپریشن کے دوران چادراور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، پولیس نے بے بنیاد الزامات پر مقدمے میں نامزد کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے صدر نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے آئی جی پنجاب اور ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔

شاندانہ گلزار کی ایف آئی اے کیس میں حفاظتی ضمانت میں توسیع

ان کا جو بھی مسئلہ ہے وہ دیکھ لیں، اسلام آباد ہائیکورٹ
شائع 02 مئ 2023 01:33pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیسوں کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کیس میں پی ٹی آئی رہنماء شاندانہ گلزار کی ایف آئی اے کیس میں حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا شاندانہ گلزار شامل تفتیش ہو گئیں ہیں، جس پر وکیل نے کہاکہ جی ہم شامل تفتیش ہو گئے تھے، ایف آئی اے نے کہا کہ آپ اپنا بیان دیں، ہم نے پوچھا ہم پر الزام کیا یے، ایف آئی اے نے کہا کہ تفتیشی افسر بیمار ہے، ہم نے تحریری درخواست بھی جمع کروائی ہے کہ بتایا جائے الزام کیا ہے؟۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن نے کہاکہ شاندانہ گلزار کے خلاف کوئی ایف آئی آر نہیں ہے، ایف آئی اے نے شاندانہ گلزار کو بطور گواہ طلب کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پشاورحملے پربیان: پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کیخلاف مقدمہ درج

جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ ان کا جو بھی مسئلہ ہے وہ دیکھ لیں، اگر بیان لینا ہے یا بطور گواہ بلانا ہے۔

عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ہدایت دیتے ہوئے حفاظتی ضمانت میں 25 مئی تک توسیع کردی۔

کرپشن کیس : اعجاز الحق بھی اینٹی کرپشن کے دفتر طلب

اعجاز الحق پر زرعی اراضی پر غیر قانونی رہائشی کالونیاں بنانے کا الزام ہے، اینٹی کرپشن
شائع 02 مئ 2023 01:31pm

اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق کو غیرقانونی کالونیاں بنانے کے الزام میں طلب کرلیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق بھی اینٹی کرپشن پنجاب کے نشانے پر آگئے ہیں، اور انہیں اینٹی کرپشن نے 2 مئی کو طلب کرلیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق پر ہارون آباد لاہور میں زرعی اراضی پر غیر قانونی رہائشی کالونیاں بنانے کا الزام ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اعجاز الحق نے غیر قانونی کالونیاں بغیر سرکاری منظوری کے بنائیں، اور سابق وفاقی وزیر اور ان کے فرنٹ مینوں نے سادہ لوح عوام کے کروڑوں روپے ہتھیائے، جس پر اعجاز الحق سمیت دیگر ملزمان کو 2 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 19 مارچ کو ہی مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی سے بہت عرصے کا ساتھ ہے، مسلم لیگ ضیاء زندہ رہے گی۔

ضمنی انتخاب میں سندھ حکومت پوری طاقت استعمال کررہی ہے،حافظ نعیم

مردم شماری پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی ہمیں پورا گنا جائے، امیر جماعت اسلامی کراچی
شائع 02 مئ 2023 12:55pm

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہناہے کہ ضمنی انتخاب میں سندھ حکومت پوری طاقت استعمال کررہی ہے۔

ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ مردم شماری پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی ہمیں پورا گنا جائے، ہم ساڑھے تین کروڑ ہیں، جس نے کراچی کو بیچنے کی کوشش کی عوام اس کا حساب لیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت میں شامل سیاسی جماعتیں جنہوں نے2017 کی مردم شماری پر دستخط کیے تھے آج کس طرح مطالبہ کر رہے ہیں۔

امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سندھی مہاجر تفریق کی مذمت کرتے ہیں، سندھ میں بسنے والے سب آپس میں بھائی ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پوری کوشش کی کہ ضمنی انتخاب نہ ہو، ضمنی انتخاب کوئی عام انتخاب نہیں ہے، پیپلزپارٹی نے یوسیز پر قبضے کر لئے ہیں، 2 ماہ بعد الیکشن کمیشن نے کراچی کی 11 یوسیز کے ضمنی انتخاب کا اعلان کیا ہے، اور اب 7 مئی کی تاریخ دی گئی ہے، انہوں نے اب بھی کوشش کی لوگ ووٹ ڈالنے نہ جاسکیں۔

چیف جسٹس کا ججز میں اختلافات ختم کرنے کیلئے عشائیہ، جسٹس فائز شریک نہیں ہوئے

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عشائیے میں عدم شرکت کی وجہ سے بھی آگاہ نہیں کیا
شائع 02 مئ 2023 12:43pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

چیف جسٹس عمرعطاء بندیال کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے لئے عشائیہ دیا گیا ، جس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عشائیے میں شرکت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے ججز کے اعزاز میں گزشتہ رات عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں عدالت عظمیٰ کے تمام ججز کو مدعو کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز عشائیے میں سپریم کورٹ کے 14 ججز نے شرکت کی جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عشائیے میں شرکت نہیں کی اور انہوں نے عشائیے میں عدم شرکت کی وجہ سے بھی آگاہ نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق عشائیے کا مقصد سپریم کورٹ کے ججز کے درمیان اختلافات ختم کرنا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہرعید کے بعد چیف جسٹس پاکستان ساتھی ججز کے اعزاز میں عشائیہ دیتے ہیں۔

فواد چوہدری کے بھائی کی حلقہ معززین سے مبینہ بدتمیزی، پارٹی کا مضبوط دھڑا ناراض

پی ٹی آئی تحصیل جہلم کے جنرل سیکرٹری ملک مشتاق نےاستعفی دے دیا
شائع 02 مئ 2023 12:14pm
فوٹو:سوشل میڈیا
فوٹو:سوشل میڈیا

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے بھائی نے اپنے حلقے کے معززین سے مبینہ بدتمیزی کی جس پر پارٹی کا مضبوط دھڑا ناراض ہوگیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری نے جہلم کے علاقہ بائی دیس کے معززین سے مبینہ بدتمیزی کی جس پر جماعت کا مضبوط دھڑا ناراض ہوگیا ہے۔

علاقے کے مقامی رہنما ملک شوکت کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ فواد کے بھائی فراز چوہدری نے بدتمیزی کی، علاقے میں آیا تو عملی طور پر جوتے ماروں گا۔

واقعے پر پی ٹی آئی تحصیل جہلم کے جنرل سیکرٹری ملک مشتاق نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، اور بتایا کہ واقعے سے متعلق فواد چوہدری کو بتایا لیکن انہوں نے بھی ٹیلی فون پر کہا کہ پہلے دیس کا کچھ کرلیں پھر بائی دیس کا کرلیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جہلم میں تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے راجا یاور کمال نے پی ٹی آئی چھوڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ فواد چوہدری نے چیئرمین عمران خان کو بلیک میل کیا، جس وجہ سے عمران خان نے مجھے ٹکٹ نہیں دیا ہے۔

راجا یاور کمال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فواد چوہدری کے بھائی کو ٹکٹ دیا، اور چیئرمین پی ٹی آئی نے موروثی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔

توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع

آئندہ سماعت پر فواد چوہدری پر چارج فریم کریں گے، چیف الیکشن کمشنر
شائع 02 مئ 2023 11:59am
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری

الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دے دیا۔

چیف الیکشن کمیشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت 4 رکن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

فواد چوہدری کے معاون وکیل مرزا آصف نے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر مؤقف اپنایا کہ کیس سندھ ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔

ممبر اکرام اللہ خان نے وکیل سے وکالت نامہ جمع کرانے کا پوچھا ؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ میں بطور پراکسی کونسل پیش ہورہا ہوں۔

ممبر کمیشن نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ پھر کس حیثیت میں آپ بات کررہے ہیں؟ ایسے تو کوئی بھی منہ اٹھا کر آ جائے گا۔

معاون وکیل نے حاضری لگانے کی استدعا کی تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر انور منصور بطور پراکسی کونسل پیش ہوئے، 4 سماعتوں میں پراکسی کونسل پیش ہورہے ہیں، یہ کیس دوسرے توہین الیکشن کمیشن کے کیسز سے الگ ہے، آئندہ سماعت پر فواد چوہدری پر چارج فریم کریں گے۔

وکیل نے جواب جمع کرانے کا موقع فراہم کرنے کا کہا تو چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ بہت مواقع دیے لیکن جواب جمع نہیں کرایا گیا۔

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔

حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات ، الیکشن اگست میں کروانے کی تجویز

14 مئی کے انتخابات پر مطمئن ہیں، چاہتے ہیں پنجاب میں انتخابات ہوجائیں، شاہ محمود قریشی
اپ ڈیٹ 03 مئ 2023 12:39pm
تصویر: شاہ محمود قریشی/فیس بُک
تصویر: شاہ محمود قریشی/فیس بُک

ملک میں ایک ہی دن انتخابات کے حوالے سے حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کا تیسرا اور آخری راؤنڈ ختم ہوچکا ہے، دوران مذاکرات حکومت اور پی ٹی آئی کے وفود نے تحریری تجاویز ایک دوسرے کے حوالے کیں۔

پی ٹی آئی نے الیکشن سمیت 8 نکاتی ڈرافٹ حکومتی ٹیم کے حوالے کیا، جس میں عیدالاضحیٰ اور محرم کے دوران الیکشن کرانے کی تجویز دی گئی۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اگست کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں الیکشن ہوسکتے ہیں۔

پی ٹی آئی نے تجاویز کا ڈرافٹ سپریم کورٹ کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی ڈرافٹ پر پی ٹی آئی ٹیم عمران خان سےمشاورت کرےگی۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات سے قبل فریقین نے اپنے قائدین سے تفصیلی مشاورت کی، ن لیگ کے ارکان نے نواز شریف سے بھی مشاورت کی، جبکہ پی ٹی آئی کا وفد عمران خان سے مشاورت کے بعد مذاکرات میں شریک ہوا۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں وقفہ ہوا، جس میں تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم مشاورت کیلئے لان میں چلی گئی، ٹیم نے عمران خان سے بھی رابطہ کیا اور حکومتی تجاویز پر گائیڈ لائن لی۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اس بات پر اتفاق ہے کہ ملک میں الیکشن ایک دن ہونے چاہئیں، یہ بھی اتفاق ہے کہ الیکشن نگراں سیٹ اپ کے تحت ہوں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں نے مثبت سوچ کے ساتھ مذاکراتی عمل میں حصہ لیا، الیکشن کی تاریخ سے متعلق دونوں فریقوں نے لچک دکھائی ہے، پُرامید ہیں کہ فریقین لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ الیکشن کےنتائج تمام فریقین تسلیم کریں گے۔

اسمبلیاں تحلیل کرنے اور الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا

جبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تجویز دی تھی کہ سیاسی جماعتیں بیٹھ کر راستہ نکال لیں، جس کے بعد ہماری تین نشستیں ہوئیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ڈی ایم کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھایا، جے یو آئی کے علاوہ تمام جماعتیں مذاکرات پر آمادہ تھیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کوشش کی اتفاق رائے کی طرف آگے بڑھیں، مذاکراتی عمل کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال نہیں ہونا چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتفاق کیاگیا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی نہ ہو، 14 مئی کے انتخابات پر مطمئن ہیں، چاہتے ہیں پنجاب میں انتخابات ہوجائیں، پی ٹی آئی 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن چاہتی ہے۔

شاہ محمود نے بتایا کہ حکومت نے وقت پراسمبلی کی تحلیل کی بات کی، فریقین نے اس نکتے پر مظبت بات چیت کی کوشش کی، ہم نے قومی اور دیگر اسمبلیاں 24 مئی تحلیل کرنے کا مؤقف رکھا، اور چاہتے ہیں کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے 60 دن میں الیکشن کا انعقاد ہو۔ لیکن تحلیل اور الیکشن کی تاریخ پر ہمارا اتفاق نہ ہوسکے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اتفاق رائے کو تحریری طور پر عدالت کو پیش کیا جائے، مذاکرات کی تفصیلات کو عدالت میں پیش کریں گے۔

مذاکرات کا تیسرا اور متوقع طور پر فائنل دور رات 9 بجے سینیٹ سیکریٹریٹ میں شروع ہواتھا۔ حکومت کمیٹی میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، یوسف گیلانی، اعظم نذیر، طارق بشیرچیمہ، ثنااللہ بلوچ شامل تھے، جب کہ پی ٹی آئی کی نمائندگی شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور سینیٹر علی ظفر نے کی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی مذاکرات میں بطور سہولت کار شریک ہوئے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ امید ہے مذاکرات کامیاب ہوں گے، میں بطور سہولت کار فرائض سرانجام دے رہا ہوں، ڈیڈ لاک نہیں ہے اسی لئے فریقین بیٹھے ہیں، اہم بات یہ ہے کہ فریقین نے مذاکرات کیلئے اتفاق کیا، مجھے امید ہے مذاکرات کا اچھا نتیجہ نکلے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے مذاکراتی ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا، جس کے اختتام کے بعد حکمران اتحاد اور پی ٹی آئی میں مذاکرات بینکویٹ ہال ہی میں ہوئے۔

میٹنگ سے قبل وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ کی سہولت کاری آج کام آئے گی؟ جس پر اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیا کہ ”انشاء اللہ“۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والوں کے چہروں سے لگ رہا ہے آج مذاکرات کامیاب ہوجائیں گے۔

خواجہ آصف کی مخالفت سے مذاکرات متاثر ہوں گے؟

صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب سوال ہوا کہ خواجہ آصف کی مخالفت سے مذاکرات متاثر ہوں گے؟ تو کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے جواب دیا کہ کسی کی مخالفت سے مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے، ان کی اپنی رائے ہے، ہم یہاں بیٹھ کر بات کر رہے ہیں، ہم لوگوں کو پارٹی کا مینڈیٹ ملا ہوا ہے۔

جب سعد رفیق کو کہا گیا کہ مذاکرات کی ناکامی کی باتیں ہورہی ہیں تو انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے سب کو دعا کرنی چاہئے، ہم بہت بڑےمعاشی بحران کا سامنا کررہے ہیں، ہمیں گروہی اختلافات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا۔

’آج حتمی مذاکرات ہیں‘

اس سے قبل عمران خان کی طرف سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹی کا اہم اجلاس بھی ہوا، جس کی صدارت وائس چیئرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔

اجلاس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کی تیسری نشست کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔

اجلاس کے بعد صحافی نے سوال کیا کہ کیا دونوں جانب سے مذاکرات میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں؟

جس پر شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ ہماری طرف سے کوئی غلطی نہیں ہوئی، ہم سنجیدگی اور ایمانداری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

آج نیوز نے جب سوال کیا کہ کیا آج حتمی مذاکرات ہوں گے؟

تو فواد چوہدری نے کہا کہ ’جی آج حتمی مذاکرات ہیں‘۔

ذرائع کے مطابق حکومت پی ٹی آئی کو دوسرے مذاکراتی دور میں آئی ایم ایف اور بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دے چکی ہے، جس کے مطابق حکمران اتحاد بجٹ پیش کرنے تک حکومت برقرار رکھنا چاہتا ہے، جب کہ تحریک انصاف 14 مئی تک حکومت کے خاتمے کی خواہشمند ہے۔

ذرائع کے مطابق امید تھی کہ جون میں بجٹ پیش کرکے قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق ہوگا۔

انتخابات اگست کے آخر یا ستمبر کے شروع میں ہونے پر اتفاق ہوگیا تو 14 مئی کے انتخابات مؤخر ہو جائیں گے۔

اگر آج کوئی نتیجہ نہ نکلتا تو مذاکراتی عمل ختم ہو سکتا تھا۔

جنرل سیکرٹری تحریک انصاف کا بیان

دوسری جانب تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ مذاکراتی اجلاس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنے کا آخری موقع ہے، حکومت آئین توڑنے پرآگئی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئین ٹوٹ چکا ہے، آئین کے نہ ہونے سے قانون اور جمہوریت ختم ہوگئی، عدالتوں کیخلاف تقریریں کی جارہی ہیں، ورکرز کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

نیب کو جڑ سے ختم کردینا چاہیئے، شاہد خاقان عباسی

ملک میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، رہنما ن لیگ
شائع 02 مئ 2023 11:48am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، وزیراعظم نیب کو جڑ سے ختم کردیں، ورنہ نیب ملک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس کیس میں پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکس دینے والا بھی ملزم بنا دیا گیا، سرمایہ کار جب یہ حال دیکھتے ہیں تو کوٸی نہیں آتا، چیف جسٹس نے سوموٹو لینا ہے تو اس تماشے کا لیں، اگر نظام ایسا ہی رہے گا تو ملک چل نہیں پائے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نیب کو جڑ سے ختم کر دیں، ورنہ نیب ملک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا، ایک سابقہ وزیراعظم کو عدالت سے انصاف نہیں ملے گا تو کسی اور کو کیا ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس سمیت کسی اور کو پرواہ ہے؟ ملک میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، جب نیت ہی ٹھیک نہ ہو تو مذاکرات کس چیز کے؟، چیف جسٹس کہتے ہیں کہ بیٹھ کر مذاکرات کریں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا خود چور ہوتا ہے، آپ نے سیاست کرنی ہے تو کرلیں لیکن ملک ایسے نہیں چلے گا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی کرپٹ ترین حکومت عثمان بزدار کی تھی، میں نے کسی کے بارے میں نہیں بلکہ نظام کی بات کی، محکمہ خوراک پنجاب کے ادارے میں کرپشن ہے ، وزیراعظم نے جو پیسہ غریب عوام کے لیے مختص کیا اس میں 25 فیصد کرپشن ہوٸی تھی۔