جماعت اسلامی کا 18 کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں تاریخی فلسطین مارچ کا اعلان
جماعت اسلامی نے 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں تاریخی فلسطین مارچ کا اعلان کردیا۔
لاہور کے مال روڈ پر جماعت اسلامی کی طرف سے اسرائیلی بربریت کے خلاف غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا، غزہ مارچ امیر جماعت اسلامی کی کال پر رکھا گیا، مارچ کا مقصد غزہ کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے، غزہ مارچ میں قافلوں کی صورت میں شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر فلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پورا پاکستان اسرائیلی ایجنٹوں اور امریکی غلاموں کو مردہ باد کہہ رہا ہے، 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں کو کہتے ہیں ہوش کے ناخن لو، کون غدار تھا کن صحافیوں کو اسرائیل بھیجا گیا انہیں بے نقاب کرو، اگر حکمرانوں نے اسرائیل کی حمایت کی بات کی تو تمہیں عبرت کا نشان بنا دیں گے، اسرائیل ہمارے بچوں کو قتل کررہا ہے، حملوں سے بچے ہوا میں اچھلتے اور ٹکڑے ٹکڑے ہوجاتے ہیں، ایک ایک بچے کے خون کا بدلہ امت مسلمہ لے گی۔
ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاج مظاہرے اور ریلیاں
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اسرائیل جہادیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا، اسرائیل صرف بمباری سے بچوں خواتین ، صحافیوں کو قتل کرسکتا ہے، اسرائیل جب آگے بڑھتا ہے تو ان کے فوجیوں کو جہنم واصل کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حکمرانوں و اپوزیشن کے منہ میں چھالے کیوں پڑ گئے ، امریکا سے مطالبہ کیوں نہیں کرتے تم بچوں کے قاتلوں کی سپورٹ کررہے ہو۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، ایک ہی ریاست فلسطین کی ریاست ہے، مسجد اقصیٰ ہمارا عقیدہ اور روح ہے، غزہ کے شہریوں کا پانی بند اور اوپر سے بمباری ہو رہی ہے، کہاں ہیں انسانی حقوق کے چیمپئن؟ پورے پاکستان میں ہڑتال کی کال دیں گے، تاجر برادری سے مشاورت کریں گے، ہم دنیا کو بتائیں گے کہ ہم دہشت گرد امریکا، اسرائیل کے ساتھ نہیں، ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔
امیر جماعت اسلامی انہوں نے مزید کہا کہ مصر، اردن، سعودی عرب سے کہنا چاہتا ہوں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، پوری دنیا میں ہر پیدا ہونے والا مسلمان بچہ حماس بنے گا، حماس ظلم کے خلاف جدوجہد کا استعارہ ہے، حماس کو تسلیم کیا جائے اور اس کا پاکستان میں دفتر کھولا جائے۔
فلسطین میں اسرائیلی بربریت کیخلاف جماعت اسلامی کی ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں
ان کا کہنا تھا کہ غداروں پر بھی نظر رکھنا ہوگی، چچا، بھتیجی مل کر بھی اتنا بڑا جلسہ نہیں کر سکتے، پرسوں شاہراہ فیصل پر انسانوں کا سمندر ہوگا۔
Comments are closed on this story.