بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت آمنے سامنے، ایک دوسرے پر لفظی وار جاری
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں بھی پارٹی اختلافات زوروں پر آگئے، کل کس کو بلایا گیا اور کسے نہیں ہر کوئی بانی پی ٹی آئی سے ملنے اور قربت حاصل کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگانے لگا۔ سلمان اکرم راجا کہتے ہیں آئندہ جس شخص کا نام فہرست میں نہ ہو وہ ملاقات نہ کرے ۔ علی ظفر نے کہا کہ بانی سب سے مل کر حقائق معلوم کرنا چاہتے ہیں ۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی سیاسی اسکورنگ نہ کرے۔
سلمان اکرم راجہ
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے فیملی کی ملاقات نہ کرانا اسلام آباد ہائی کورٹ کے فل بینج کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سب کی رضا مندی سے طے ہوا تھا کہ وکلا کے چھ نام میں دوں گا، کل چھ وکلاء کے جو نام میں نے دیے اُن کو نہیں جانے دیا گیا صرف منظور نظر لوگوں کو ملنے دیا گیا۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کل بانی پی ٹی آئی نے کسی کو نہیں بلایا تھا، آئندہ جس شخص کا نام فہرست میں نہ ہو وہ ملاقات نہ کرے۔
بیرسٹر گوہر
بعدازاں بیرسٹرگوہر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بار بار کہا گیا اندرآ جائیں، بانی پی ٹی آئی کی ایک بہن نہیں جا رہی تھیں، لسٹ میں ایک وکیل کم ہو تو باقی نہیں ملیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 5 ناموں کی لسٹ دی گئی، سلمان اکرم راجہ کا نام تھا، 25 مارچ کو بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کوروکا گیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی سیاسی اسکورنگ نہ کرے، بانی کی بہنوں کو نہیں ملنے دیا تو کوئی نہیں ملے گا، کوئی گھٹیا شہرت حاصل نہ کرے۔
سینیٹرعلی ظفر
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرعلی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی کہ ملاقات والا معاملہ سپریم کورٹ لے کر جائیں، بانی پی ٹی آئی کی ایسی عادت نہیں کہ کسی سے ملنے سے انکار کریں۔
علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بہت سے وکلا ملنے جاتے ہیں، بعض اوقات نام پکارا جاتا ہے انٹری ہو جاتی ہے، بانی سے ملاقات کا ہرایک کا حق ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی ایسا نہیں کیا کہ یہ اڈیالہ جیل جائے گا اور یہ نہیں، سلمان اکرم راجہ کے کمنٹس نے نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔
Comments are closed on this story.