جے یو آئی نے 13 اپریل کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد مظاہرے کا اعلان کردیا
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے 13 اپریل کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد مظاہرے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے مسلمانوں پر اسرائیلی صیہونی قوتوں کے ہاتھوں جو بیت رہی ہے وہ تاریخ کے صفحات پر سیاہ دھبوں کے سوا کچھ نہیں، اسرائیل نے امن معاہدہ توڑ کر غزہ پر شب خون مارا ہے، عدالتوں کی سنی جارہی ہے نہ قانون کا احترام ہورہا ہے،انسانی حقوق کے علمبردارامریکا اوریورپ صیہونیت کا ساتھ دے رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس اور فیس بک پر اپنے ویڈیو پیغام میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین جل رہا ہے، بچے تڑپ رہے ہیں اور حکمران خاموش ہیں، امت مسلمہ کا ہر فرد بیدار ہو اور اپنی آواز بلند کرکے حکمرانوں کو جھنجھوڑے، یہ وقت اپنے مسلمان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 10 اپریل کو مسئلہ فلسطین پر کنونشن منعقد ہوگا، کنونشن میں تمام مکاتب فکر کے ساتھ بیٹھ کر حکمت عملی بنائیں گے، 13 اپریل کو کراچی میں عظیم الشان اسرائیل مردہ باد مظاہرہ ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج فلسطین میں غزہ کے مسلمانوں پر اسرائیلی صیہونی قوتوں کے ہاتھوں جو بیت رہی ہے یا بیت چکی ہے وہ تاریخ کے صفحات پر سیاہ دھبوں کے سوا کچھ نہیں، اسرائیل نے امن معاہدہ توڑ کر غزہ پر شب خون مارا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ یہ بزدلی کی تاریخ کا حصہ ہے، اسے بہادری کا عنوان کبھی بھی نہیں دیا جاسکتا، اس قوم کی بزدلی پر قرآن کریم گواہ ہے، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں بھی معاہدات توڑے ہیں، یہ آج بھی اسی روش پر قائم ہیں اور ناقابل اعتماد قوم ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو کچھ ہوا اسے انسانی عمل سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا، یہ سفاکیت اور درندگی ہے، نیتن یاہو جنگی مجرم ہے، اسے عالمی عدالت انصاف نے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے، نہ عدالتوں کی سنی جا رہی ہے اور نہ قانون کا احترام ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار امریکا اور یورپ انسانیت کے قتل پر صیہونیت کا ساتھ دے رہے ہیں، امت مسلمہ اپنے ملکوں میں اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباؤ بڑھائے۔
Comments are closed on this story.