Aaj News

پیر, اپريل 28, 2025  
29 Shawwal 1446  

سندھ کی ترقی سے ہی پاکستان کی ترقی جڑی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم کا سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے گورنرز اور صدر، وزیراعظم آزاد کشمیر کو فون، عیدالفطر کی مبارکباد
شائع 01 اپريل 2025 02:12pm

وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے گورنرز اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو ٹیلی فون کرکے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، وزیراعظم نے کہا کہ سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے اور سندھ کی ترقی سے ہی پاکستان کی ترقی جڑی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

دوران گفتگو وزیراعظم اور گورنر سندھ نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ گفتگو کے دوران ملک کی مجموعی اور سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ صوبہ سندھ کی ترقی سے ہی پاکستان کی ترقی جڑی ہے، سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے۔

’عید کا دن ہمیں اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے‘، صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد

گورنر سندھ اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی قوم کو مبارکباد، کراچی والوں کو عید سادگی سے منانے کی ترغیب

’ملک کو محفوظ دیکھنا ہی ہماری عیدی ہے‘: عید کے موقع پر سرحدوں پر تعینات فوجیوں کا قوم کے نام خصوصی پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے گورنر خیبرپختونخوا کو اپنی جانب سے صوبے کے عوام کو بھی عید الفطر کی مبارکباد پیش کی جبکہ شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے عیدالفطر کے پر مسرت تہوار پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی اور خیبرپختونخوا کے عوام کی جانب سے انہیں بھی عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔

گفتگو کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام وفاق کے ساتھ مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹرسلطان، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کو بھی ٹیلی فون پر عید الفطر کی مبارکباد دی اور تینوں رہنماؤں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی جبکہ شہباز شریف نے عوام کی فلاح اور بہبود کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت، چیئرمین سینٹ یوسف گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزرا خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی اور چوہدری سالک سمیت مختلف شخصیات کو بھی ٹیلی فون پر عید کی مبارک باد دی۔

اسلام آباد

Governor Sindh

Eid ul Fitr

PM Shehbaz Sharif

Faisal Karim Kundi

kamran tessori

governor kpk

Governer Sindh

Governer KPK

eid ul fitr 2025