ٹرمپ کا فلسطینیوں کی بے دخلی کا منصوبہ، حماس رہنما کی دنیا بھر کے حامیوں کو ہتھیار اٹھانے کی کال
امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی منصوبے کے خلاف حماس نے دنیا بھر میں فلسطین کے حامیوں کو ہتھیار اٹھانے کی کال دے دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما سامی ابو زہری نے ایک بیان میں کہا کہ قتل عام اور بھوک کے مذموم منصوبے کے خلاف دنیا میں جو کوئی بھی ہتھیار اُٹھا سکتا ہو، اسے عملی اقدام کرنا چاہیے۔
حماس رہنما سامی ابوزہری نے کہا کہ دھماکا خیز مواد، گولی، چاقو یا پتھر کچھ بھی نہ چھوڑیں، ہر کوئی اپنی خاموشی توڑ دے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گذشتہ روز ٹرمپ کے غزہ منصوبے پر عمل پیرا ہونے کا بیان دیا تھا، صدر ٹرمپ نے غزہ کے فلسطینیوں کو پڑوسی عرب ممالک میں بسانے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والی اسرائیلی فوج نے عید کے دوسرے روز بھی غزہ میں میزائل برسائے، اسرائیلی درندگی میں بچوں سمیت 64 فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی حکام کے مطابق رفح کے قریب اسرائیلی میزائل حملے میں شہید ہونے والے 15 رضا کاروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں یہ لاشیں طبی عملے کے ارکان، شہری دفاع کے پانچ کارکنوں اور ایک یو این ملازم کی ہیں۔
Comments are closed on this story.