Aaj News

منگل, اپريل 01, 2025  
03 Shawwal 1446  

ڈیرہ غازی خان: سرحدی چوکی لکھانی پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام، 3 خوارجی دہشت گردہلاک

حملہ آوروں نے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، اسنائپر رائفلز اور بھاری اسلحہ کا استعمال کیا، ترجمان پنجاب پولیس
اپ ڈیٹ 29 مارچ 2025 01:13pm

پنجاب پولیس نے عیدالفطر کی آمد سے قبل امن و امان اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خیبر پختونخوا بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کے بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، لکھانی چیک پوسٹ پر 20 سے 25 خوارجی دہشت گرد چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے۔ حملہ آوروں نے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، اسنائپر رائفلز اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔ تاہم، پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کا دفاع کیا اور دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

ڈیرہ غازی خان پولیس نے دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ترجمان کے مطابق پولیس کے تمام جوان اس حملے میں محفوظ رہے، جو کہ فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا ثبوت ہے۔

وزیر داخلہ کی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر پولیس کو شاباش

وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اورحملہ پسپا کیا، حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس نے خوارجی دہشتگردوں کے حملوں کو پسپا کیا، پنجاب پولیس کے بہادر اور پروفیشنل سپوتوں پر فخر ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور مستقبل میں بھی ایسے آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے، دہشت گردوں کو پنجاب میں ہرگز داخل نہیں ہونے دیں گے، پنجاب پولیس ملکی سلامتی کے دشمن، خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ہلاک

آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی نگرانی کی جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے، تاکہ ممکنہ خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ دوران سرچ آپریشن میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ بڑی تعداد میں دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق ہوئی ہے، پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہونے والے خوارجی دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی و دیگر اداروں نے آج صبح سرچ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے 2 دہشت گردوں کے بھیجے نکلے ہوئے ملے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے فرار ہونے والے راستوں پر مختلف مقامات پر خون کے نشانات بھی پائے گئے، بھر پور جوابی کارروائی پر دہشت گرد اپنے جوتے اور دیگر سامان چھوڑ کر بھاگ گئے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ پولیس کمانڈوز نے حکومت پنجاب کے فراہم کردہ جدید ہتھیاروں سے دہشت گردوں کے سروں کے درست نشانے لیے، جس کے نتیجے میں ان کے بھیجے اڑ گئے۔

punjab

Dera Ghazi Khan

terrorists attack

attack

Punjab police

police attack