Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
28 Ramadan 1446  

سائبرکرائم کیس میں صحافی وحید مراد کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

صحافی وحید مراد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے
اپ ڈیٹ 26 مارچ 2025 04:13pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد میں سائبرکرائم کیس میں صحافی وحید مراد کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکر لیا گیا، صحافی وحید مراد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔

اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں صحافی وحید مراد کو ضلع کچہری پہنچا دیا گیا۔ وحید مراد کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت پیش کیا گیا۔

عدالت نے سائبرکرائم کیس میں صحافی وحید مراد کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

صحافی وحید مراد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا ہے۔ صحافی پر اداروں کیخلاف اشتعال پھیلانے کا الزام ہے۔

مقدمے کے مطابق صحافی وحید مراد نے سوشل میڈیا پراشتعال پھیلانے والا مواد شئیر کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

قبل ازیں صحافی وحید مراد کی بازیابی کے لیے ان کی ساس عابدہ نواز کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

درخواست ایڈوکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے دائر کی، جس میں سیکرٹری داخلہ، دفاع، آئی جی اسلام آباد اور ایس ایچ او کراچی کمپنی کو فریق بنایا گیا ہے۔

دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ رات دو بجے کالی وردی میں ملبوس افراد ہمارے گھر آئے، جن کے ساتھ دو پولیس کی گاڑیاں بھی تھیں۔ ان افراد نے وحید مراد کو زبردستی اٹھالیا، اور میرے ساتھ بھی بدتمیزی کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ کراچی کمپنی تھانے میں درخواست دینے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ وحید مراد کی فوری بازیابی کا حکم دے اور غیر قانونی طور پر اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دے۔

Islamabad High Court

District and session court islamabad

Journalist Waheed Murad