یوکرین جنگ میں مدد پر روس ٹرمپ کو کن ممالک پر قبضے میں مدد کرے گا؟ روسی تجزیہ کاروں کا دعویٰ وائرل
روس کے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک پروگرام میں تجزیہ کاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ماسکو، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرین لینڈ اور کینیڈا پر قبضہ کرنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے، بشرطیکہ وہ یوکرین کے معاملے پر روس کے ساتھ تعاون کریں۔
برطانوی اخبار ”ڈیلی اسٹار“ کی رپورٹ کے مطابق روسی اینکر ولادیمیر سولویوف نے دوران گفتگو کہا، ’ہم ٹرمپ کو گرین لینڈ اور کینیڈا دلوانے میں مدد دیں گے‘، جس پر ایک اور شریک میزبان نے ازراہ مزاق کہا، ’اور آئرلینڈ بھی!‘، تاہم، ایک اور تجزیہ کار نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’لیکن ٹرمپ نے اس کا مطالبہ نہیں کیا!‘۔
بعد ازاں، یہ تاثر دیا گیا کہ یہ محض ایک مذاق تھا، جو سینٹ پیٹرک ڈے جیسے کسی موقع کے لیے کیا گیا۔
ٹرمپ کو تیسری عالمی جنگ کا خدشہ لاحق؟ امریکا کی ’گولڈن ڈوم‘ دفاعی سسٹم بنانے کی تیاری
یورپ کی تقسیم اور مشرقی یورپ پر دوبارہ کنٹرول کے عزائم
پروگرام کے دوران یورپ میں ممکنہ تقسیم پر بھی گفتگو ہوئی۔ سولویوف نے مزید کہا، ’ہمیں مشرقی یورپ میں اپنی پرانی فوجی چھاؤنیاں واپس لینی ہوں گی، ہمیں برلن واپس جانا ہوگا اور بالٹک ریاستوں کو دوبارہ روسی زبان سے محبت سکھانی ہوگی۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’ہمارے پاس بہت کام ہے!‘
ان کے ایک ساتھی تجزیہ کار نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ تمام عزائم اسی وقت ممکن ہوں گے، جب 2028 میں امریکی صدر جے ڈی وینس یا کوئی ان جیسا شخص الیکشن جیتے۔ کیونکہ اگر ٹرمپ کو اندرونی محاذ پر بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تو وہ سب کچھ ہار بھی سکتے ہیں۔‘
پیوٹن نے ٹرمپ کے ساتھ ’ٹرمپ کارڈ‘ کھیل دیا، جنگ بندی کیلئے امریکی سفارتکاری بری طرح ناکام
روس-یوکرین جنگ اور جنگ بندی کی غیر یقینی صورتحال
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد بھی، دونوں ممالک کے درمیان امن مذاکرات کسی ٹھوس نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔
دوسری جانب، یوکرین کے اتحادی ممالک بھی کسی متفقہ لائحہ عمل پر نہیں پہنچ سکے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی، اسٹیو وٹکوف نے آج (23 مارچ) کو برطانوی وزیراعظم کئیر سٹارمر کے جنگ بندی کے منصوبے کو مسترد کر دیا۔
ٹرمپ اور پیوٹن کے تعلقات
ٹرمپ کے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے حوالے سے نرم رویے پر بھی تبصرہ کیا گیا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا، ’میں پیوٹن کو برا شخص نہیں سمجھتا۔‘
ٹرمپ نے مزید کہا، ’وہ (پیوٹن) انتہائی ذہین ہیں۔‘
یوکرین میں تازہ حملے، تین ہلاکتیں
اس دوران یوکرین پر روس کے حملے جاری ہیں۔ گزشتہ رات (22 مارچ) کو دارالحکومت کیف میں ہونے والے ایک حملے میں تین افراد ہلاک ہوگئے، جن میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔