Aaj News

ہفتہ, مارچ 22, 2025  
22 Ramadan 1446  

دریائے سندھ سے ایک قطرہ بھی کسی کو نہیں لینے دیں گے، مراد علی شاہ کا اعلان

کسی کو نہروں پربات کرنے پراعتراض نہیں ہونا چاہیئے، وزیراعلیٰ سندھ
شائع دن پہلے

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے ایک قطرہ بھی کسی کو نہیں لینے دیں گے، کسی کو نہروں پربات کرنے پراعتراض نہیں ہونا چاہیئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی کے فلور پر خطاب کرتے ہوئے پانی کے مسائل، انتخابات، اپوزیشن کے کردار اور حکومتی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جب انہوں نے پانی کے مسئلے پر تقریر کی تھی تو ایک قرارداد بھی لائی گئی تھی۔

مراد علی شاہ نے اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے بعد اپنی شکایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیتوں پر شک نہیں کرنا چاہیئے اور ہمیں اس صوبے کے عوام نے منتخب کیا ہے، ہم ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے چار انتخابات میں بتدریج زیادہ ووٹ اور زیادہ سیٹیں حاصل کیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ان پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی نیت صاف ہے، جس کا اعتراف آج اپوزیشن لیڈر نے بھی کیا کہ ان کی نیتوں پر شک نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے اپوزیشن اراکین کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آئے ہیں اور وہ کسی کی نیت پر شک نہیں کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ آج انہوں نے سندھ اسمبلی میں اپنی 100 ویں تقریر مکمل کی، جس پر وہ پورے ایوان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسمبلی کے ماحول کو خراب کیا گیا تھا، لیکن اب حالات بہتر ہو رہے ہیں، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس سال اسمبلی میں 100 ارکان نے بات کی، جبکہ 2023 کے بجٹ سیشن میں صرف 31 اراکین نے بحث میں حصہ لیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے پانی کی تقسیم کے حوالے سے کہا کہ چھ کینالز نکالنے کے معاملے پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے، میں کراچی میں پیدا ہوا ہوں اور یہاں رہتے ہوئے دریائے سندھ کا پانی پیا ہے۔،کراچی اس پورے ملک کی جان ہے، اس کے بارے میں کیسے نہیں سوچیں گے؟“

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی نے رولز اور پروسیجر میں رول نمبر 143 شامل کیا، جو کسی اور اسمبلی میں موجود نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسمبلی میں ہر رکن کو موقع دیا جاتا ہے کہ وہ معاملات پر بات کرے اور تمام سفارشات اور تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

Murad Ali Shah

karachi

Sindh Assembly

Indus River

Canals on Indus River