Aaj News

ہفتہ, مارچ 22, 2025  
22 Ramadan 1446  

کراچی سمیت سندھ بھر میں خسرہ کی وبا پھیل گئی، اسپتالوں میں درجنوں بچے داخل

سندھ میں اب تک گیارہ سو سے زائد بچے خسرہ کا شکار ہوچکے ہیں
شائع 19 مارچ 2025 12:28pm

کراچی سمیت سندھ بھر میں خسرہ کی وبا پھیل گئی، خسرہ سے سندھ میں 17 بچے انتقال کرگئے، جبکہ صوبے میں 1100 سے زائد بچے خسرہ کا شکار ہیں، اسپتالوں میں درجنوں بچے داخل کرا دیئے گئے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہر قائد سمیت سندھ بھر میں خسرہ کی وبا زور پکڑگئی ہے، رواں برس 2 ماہ کے دوران خسرہ سے سندھ میں 17 بچے انتقال کرگئے، سندھ میں اب تک گیارہ سو سے زائد بچے خسرہ کا شکار ہوچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں برس یکم جنوری سے 8 مارچ تک 1100 سے زائد بچے خسرہ سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 17 بچے خسرہ سے ہونے والی پیچیدگیوں کے سبب انتقال کر گئے ہیں۔

خیرپور کی تحصیل گمبٹ میں خسرہ وبا کی شکل اختیار کرگئی، 5 بچے جاں بحق

حکام نے بتایا کہ 2 ماہ کے دوران کراچی میں 550 بچے خسرہ کا شکار ہوئے، ضلع خیر پور میں 10، کراچی کے ضلع شرقی میں 5 بچےانتقال کرگئے۔ سکھر، جیکب آباد میں 1،1 بچہ خسرہ سے ہونے والی پیچیدگیوں سے انتقال کرگیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق صوبے میں خسرے کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ والدین کی جانب سے حفاظتی ٹیکے نہ لگوانا ہے، تمام والدین بچوں کو خسرے سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس لازمی کرائیں۔

واضح رہے کہ خسرہ ایک وبائی مرض ہے جو زیادہ تر بچوں پر حملہ آور ہوتا ہے، حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے بچے اس کا زیادہ شکار ہوتے ہیں، نزلہ، زکام کھانسی اور خارش خسرہ کی ابتدائی علامت ہیں، خسرہ قوت مدفعت کو بری طرح متاثر کرتا ہے اور شدت اختیار کرنے پر جان لیوا بھی ثابت ہوتا ہے۔

karachi

Sindh government

sindh

Kids

Health Care