Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
02 Dhul-Qadah 1446  

اقوام متحدہ اور ایران کی پاکستان میں مسافر ٹرین پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت

معصوم مسافروں کو یرغمال بنانے کی خبر پر افسوس ہوا، ترجمان یو این سیکرٹری جنرل
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2025 03:21pm

اقوام متحدہ اور ایران کی جانب سے پاکستان میں مسافر ٹرین پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے کہ شہریوں کے خلاف حملے ناقابل قبول ہیں، حادثے سے متعلق صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، معصوم مسافروں کو یرغمال بنانے کی خبر پر افسوس ہوا، مسافروں کی رہائی جلد ممکن بنائے جائے۔

دوسری جانب ایران نے بھی پاکستان میں مسافر ٹرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران مسافروں کے خلاف دہشت گرد کارروائی کی سختی سے مذمت کرتا ہے، شہریوں کو نشانہ بنانا خوفناک ہے، ایرانی حکومت معصوم شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ایرانی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو یرغمال بنایا گیا، شہریوں کے خلاف پرتشدد اقدامات اور اہم مواصلاتی نظام کو متاثر کرنا انسانیت کے خلاف بزدلانہ جرم ہے۔

جعفر ایکسپریس حملہ: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 155 مسافر بازیاب، 27 دہشتگرد ہلاک

صدر اور وزیرِ اعظم کی جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت

دہشت گرد پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہونے دینا چاہتے، گورنر سندھ

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ملک دشمنوں کی جانب سے بدامنی پھیلانے کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور جانے والی ٹرین (جعفر ایکسپریس) پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بزدل دشمن سے 190مسافروں کو رہا کروالیا جبکہ آپریشن میں 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔

بلوچستان میں دہشت گردی کا یہ افسوس ناک واقعہ مچھ میں گڈا لار اور پیرو کنری کے درمیانی علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بولان کے پاس ڈھاڈر کے مقام پر دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کیا تھا، دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔

انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا تھا، یرغمالیوں میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی تھی۔

جعفر ایکسپریس حملہ: محسن نقوی کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ، مکمل تعاون کی یقین دہانی

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں تھے، دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا۔

united nation

Iran

condolences

Attack on Jaffar Express

BLA Train Attack