Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
26 Ramadan 1446  

کوہاٹ میں تانڈہ ڈیم کے قریب فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس افسروں کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس، خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2025 08:11pm

خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں تفریحی مقام تانڈہ ڈیم کے قریب فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جبکہ تفتیش کا عمل جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے تفریحی مقام تاندہ ڈیم میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اے ایس آئی مصطفی اور پولیس اہلکار زاہد کو قتل کردیا جبکہ پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو کوہاٹ کے ڈی اے اسپتال منتقل کر دیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے ملزمان کی تلاش کا سلسلہ شروع کردیا۔

دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کرنے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جبکہ اس حوالے سے تفتیشی عمل جاری ہے۔

واقعہ دہشت گردی یا ذاتی عدوات کہنا قبل از وقت ہوگا، ڈی پی او کوہاٹ

ڈی پی او کوہاٹ زاہد اللہ خان نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، واقعہ دہشت گردی یا ذاتی عدوات کہنا قبل از وقت ہوگا، ملزمان تک جلد پہچنچ جائیں گے، علاقے میں کاروائی شروع کر دی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس افسروں کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کوہاٹ کے علاقے تانڈہ ڈیم کے قریب پولیس افسروں کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پی سی ٹی ڈی کو خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ حملے میں ملوث شر پسندوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، ایڈیشنل آئی جی پی سی ٹی ڈی تفتیشی ٹیموں کی نگرانی کریں گے، شرپسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔

ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، دہشت گردوں کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھی جائے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت

دریں اثنا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمٰن کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں غلام مصطفیٰ اور زاہد الرحمن نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، خیبرپختونخوا پولیس کےسپوتوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی

شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی، جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے۔

شہداء کی نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس، ڈی آئی جی کوہاٹ عباس مجید مروت، ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زاہد اللہ خان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم، فوجی و سول حکام اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی اور شہداء کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے گئے، فرض کی راہ میں شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کا تعلق کوہاٹ کے علاقے بڑھ سے ہے۔

واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، سی ٹی ڈی پولیس کوہاٹ میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے اے ایس آئی مصطفیٰ اور ہیڈ کانسٹیبل زاہد کو موٹر سائیکل پر تاندہ روڈ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔

firing

KOHAT

خیبر پختونخوا

police man killed

kohat firing