مشترکہ ترقی کے لئے وسطی ایشیائی ممالک گوادر بندرگاہ سے فائدہ اٹھائیں، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مستحکم دنیا مشترکہ ترقی کے لیے ناگزیر ہے، جامع اور پائیدار ترقی کیلئے ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کی ضرورت ہے، مشترکہ ترقی کے لئے وسطی ایشیائی ممالک گوادر بندرگاہ سے فائدہ اٹھائیں۔
اسلام آباد میں صدر مملکت نے 5 ویں بین الاقوامی ورکشاپ برائے قیادت اوراستحکام سے خطاب کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی، غربت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عالمی شراکت داری پر زور دیا۔
صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، مشترکہ ترقی کے لئے وسطی ایشیائی ممالک گوادر بندرگاہ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
ن لیگ سے حکومت نہیں چل رہی، ہم حکومت گرانا اور بنانا جانتے ہیں، آصف زرداری
انہوں نے علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کے لیے پاکستان کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اقتصادی، ماحولیاتی، سیکورٹی، غلط معلومات اور تکنیکی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون درکار ہے، قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعاون کے مواقع پیدا کرے۔
صدر زرداری نے کہا کہ قیادت لوگوں کی فلاح اور مشترکہ امن اور خوشحالی کے لیے کام کرے، اور لوگوں کو مشترکہ وژن کے گرد متحد کرے۔
انہوں نے کہا کہ قیادت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی ترغیب دے، دیرپا تبدیلی لانے کے لیے تقسیم اور خوف کی بجائے تعاون اور امید کو فروغ دینا ہوگا۔
ورکشاپ کا انعقاد نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے کیا گیا، صدر مملکت کو اغراض و مقاصد سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورکشاپ میں مختلف شعبوں سے وابستہ 64 غیر ملکی اور 32 پاکستانی شرکت کر رہے ہیں، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی دنیا بھر سے پارلیمنٹرینز، پالیسی سازوں کے لیے ورکشاپ کا انعقاد کرتی ہے۔
سندھ کے امن پر کسی طور کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آصف زرداری
دریں اثنا صدر آصف علی زرداری تین روزہ دورے پرلاہور پہنچ گئے، گورنر پنجاب سلیم حیدر نے اولڈ ائیر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری تین دن لاہورمیں قیام کے دوران اہم ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں مختلف معاشی امور زیرغور آئیں گے۔
صدر زرداری آج شب صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود کےعشائیہ میں شرکت کرینگے۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، گورنر پنجاب سلیم حیدر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما بھی عشائیہ میں شرکت کریںگے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کل اتوار کو لاہور ریس کلب میں ڈربی ریس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
Comments are closed on this story.