نواز شریف کو جنرل باجوہ نے ثاقب نثار سے مل کر نکالا، شیر افضل مروت
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نکالے گئے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے حق میں بول پڑے اور کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کے ساتھ مل کر نواز شریف کو نکالا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو بھی آج تک سمجھ نہیں آئی کہ اُنہیں کیوں نکالا گیا، انہیں جنرل باجوہ نے ثاقب نثار سے مل کر غلط نکلوایا تھا اور مجھے بھی کبھی نہیں سمجھ آئے گی کہ مجھے کیوں نکالا گیا جبکہ نوازشریف کو نکلوانے میں پی ٹی آئی کا کردار نہیں ہو سکتا تھا، انہیں غلط نکالا گیا تھا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ان میں اور نواز شریف میں یہ مماثلت ہے اور آج اسمبلی کے فلورپربھی نعرہ لگایا کہ مجھے کیوں نکالا؟ باجوہ نے نوازشریف کو نکالا اورثاقب نثار کو استعمال کیا گیا، نوازشریف کو جس جرم پر نکالا گیا وہ غلط تھا، نوازشریف کو ایون فیلڈ، پاناما پر نکالتے تو اور بات تھی لیکن انہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔
رکن قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے تیسری مرتبہ پارٹی سے نکالا گیا ہے اور اگر میں نکلوانے والوں کا نام لوں تو بانی پی ٹی آئی کو دُکھ ہوگا، میں نے صوابی جلسے میں کوئی نعرے نہیں لگائے، پنڈال میرے نعرے لگا رہا تھا تو کارکنان پیغام دینا چاہ رہے تھے، ایک گروپ کے مہرے نے میرا یہ حال کیا ہوا ہے، میڈیا پر آکر بنائیں کہ میں نے کیا گناہ کیا؟۔
شیرافضل مروت پی ٹی آئی عہدیداران کے خلاف پھٹ پڑے
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی میں کہا مجھے کیوں نکالا تو سب نے کہا، غلط نکالا گیا، بانی پی ٹی آئی کے ذہن میں ڈالا گیا کہ میں ان کی جگہ لینا چاہتا ہوں، لوگوں میں مقبولیت ملی ہے تو میرا کیا قصور ہے؟ الیکشن کے بعد پارٹی توڑنے کے لیے اسٹیبلمشنٹ نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہونے کا الزام مجھ سمیت علی امین، شاہ محمود قریشی اور پرویزالہٰی پر بھی لگا، پی ٹی آئی میں غدارغدار کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں 12 فروری کو رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پاکستان تحریک انصاف سے نکال دیا گیا تھا۔
2 روز بعد 14 فروری (گزشتہ روز) قومی اسمبلی میں شیر افضل مروت نے پارٹی سے نکالے جانے پر اپنی ہی پارٹی سے سوال پوچھا تھا کہ مجھے کیوں نکالا؟
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا، شیر افضل مروت اپوزیشن گیٹ کے بجائے حکومتی گیٹ سے ایوان میں داخل ہوئے جبکہ ان کی اسمبلی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ لوگ انہیں مروا نہ دینا۔
شیرافضل مروت کے ’مجھے کیوں نکالا‘؟ کے سوال پر قومی اسمبلی میں قہقہے
مجھے کیوں نکالا؟ شیر افضل مروت نے اپنے سوال کا خود ہی جواب دے دیا
اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اسپیکر نے موبائل کمپنیوں کے ضم ہونے پر ضمنی سوال کرنے کا کہا تھا تو شیر افضل مروت نے کہا کہ میرا سوال تو ابھی صرف اپنے لوگوں سے ہے کہ ’مجھے کیوں نکالا ہے؟‘
Comments are closed on this story.