Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
24 Ramadan 1446  

حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز

عرس کی تقریبات میں لاکھوں زائرین حاضری دیں گے
شائع 17 فروری 2025 05:59pm

حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی 3 روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیہون میں برصغیر کے بزرگ ہستی سید عثمان مروند المعروف حضرت لعل شہباز قلندرکے عرس مبارک کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔

قائم مقام گورنر سندھ اور اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے پھولوں کی چادر چڑھا کر دعا مانگ کر عرس کی تقریبات کا آغاز کیا۔

ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند مزار پر چادریں چڑھا کر دھمالیں لگا کر حاضری دے رہے ہیں، عرس کی تقریبات میں لاکھوں زائرین حاضری دیں گے۔

اس موقع پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے، 5 ہزار پولیس اہلکار جبکہ 300 سے زائد رینجرز کے جوان فرائض سر انجام دے رہے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے دربار کے داخلی، خارجی اور اطراف کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر قادری کا کہنا ہے کہ 19 فروری تک جاری رہنے والے عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

سہہ روزہ عرس کے موقع پر گورنر، وزیراعلیٰ سندھ حاضری دے کر چادریں چڑھائیں گے جبکہ زائرین کے لئے ملاکھڑا کے مقابلے، سگھڑوں کی کچہری، ادبی کانفرنس، دستکاری کی نمائش بھی کی جائے گی۔

Sindh government

sindh

Lal Shehbaz Qalandar Urs