Aaj News

جمعہ, مئ 02, 2025  
04 Dhul-Qadah 1446  

پارلیمنٹ کا ستون ماضی کی نسبت آج بہت مضبوط ہے، عرفان صدیقی

انصاف کی عالمی رینکنگ 26ویں آئینی ترمیم سے پہلے گری ہوئی تھی، انتظامیہ اپنا کام کررہی ہے، ن لیگی رہنما
شائع 11 فروری 2025 09:23pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ کسی ستون کے پاؤں ہوا میں ہیں تو اس کا سبب اُس ستون کا اپنا کھوکھلا پن ہو سکتا ہے، پارلیمنٹ کا ستون ماضی کی نسبت آج بہت مضبوط ہے۔

منگل کو سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ‏ہماری عدلیہ چھبیسویں آئینی ترمیم، ججوں کے تبادلوں اور تقرریوں سے بہت پہلے دنیا کے 142 ممالک میں 130ویں اور خطے کے 6 ممالک میں 5 ویں نمبر پر آ چکی تھی، ججوں کے تبادلوں اور تقرریوں کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ اس اعزاز کا سہرا کسی اور نہیں خود عدلیہ کے سر ہے، پارلیمنٹ کا ستون ماضی کی نسبت کہیں زیادہ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے اور انتظامیہ پوری ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ کسی ستون کے پاؤں ہوا میں ہیں تو اس کا سبب اُس ستون کا اپنا کھوکھلا پن ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے تھے کہ عدلیہ ، پارلیمنٹ ، ایگزیکٹو سب کچھ collapse کر چکے ہیں۔

PMLN

Islamabad High Court

mohsin naqvi

Senator Irfan Siddiqui

IRFAN SIDDIQI