اسرائیل نے 3 اسرائیلی قیدیوں کے بدلے 183 فلسطینی قیدی رہا کردیئے
اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 3 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے رپورٹس کے مطابق غزہ معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے کا پانچواں مرحلہ آج مکمل ہوگیا۔ آج مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے تین 3 اسرائیلی قیدیوں کو دیر البلاح سے رہا کردیا۔
حماس کی جانب سے 56 سالہ اوہاد بن ایمی، 52 سالہ ایلی شرابی اور 34 سالہ اور لیوی کو رہا کیا گیا ہے، جنہیں پہلے دیر البلاح میں بنائے گئے اسٹیج پر لایا گیا اور پھر ریڈ کراس کی کمیٹی کے سپرد کیا گیا۔
اسرائیل کی جانب سے معاہدے کے تحت رہا کیے گئے 183 فلسطینی قیدیوں میں 18 ایسے قیدی بھی شامل ہیں جو عمر قید اور 54 لمبی قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔
اسرائیل کی قید سے رہا ہونے والے فلسطینی قیدی جونہی مغربی کنارے پر پہنچے تو فلسطینیوں کی جانب سے ان کا بھرپور استقبال کیا گیا، اور پھول نچھاور کیے گئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں 7 افراد کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جو اسرائیلی فوج کی جانب سے تشدد کی وجہ سے زخموں سے چور تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں 3 اسرائیلی خواتین کو رہا کیا تھا، جن کے بعد میں اسرائیل نے 90 فلسطینی قیدی رہا کیے تھے۔
دوسرے مرحلے میں حماس نے 4 اسرائیلی خواتین رہا کی تھیں، جس کے بعد اسرائیل نے 120 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا۔
جنگ بندی معاہدے کے تحت تیسرے مرحلے میں حماس کی جانب سے 5 تھائی خواتین سمیت 8 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا تھا۔
چوتھے مرحلے میں حماس نے 2 اسرائیلی یرغمالی رہا کیے تھے، جس کے بدلے میں اسرائیل نے 183 فلسطینی رہا کیے تھے۔
Comments are closed on this story.