Aaj News

پیر, مارچ 24, 2025  
24 Ramadan 1446  

معاشی بہتری اور مہنگائی میں کمی ملک و قوم کی بہتری کے اشارے ہیں، نواز شریف

اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کا تنزلی کی طرف جاری سفر رک گیا، اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو
شائع 07 فروری 2025 01:17pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ معاشی بہتری اور مہنگائی میں کمی ملک و قوم کی بہتری کے اشارے ہیں، معاشی ترقی کے تسلسل سے ہی عوام کے حالات بدل سکتے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کا تنزلی کی طرف جاری سفر رک گیا، وزیراعظم شہباز شریف بڑی محنت کر رہے ہیں، اداروں اور نظام کی اصلاح پر ٹھوس پیش رفت جاری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے پنجاب اسمبلی کے اراکین نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور عوام کی خدمت کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ نیک نیتی اور محنت سے کام کریں تو اللہ تعالیٰ بھی مدد فرماتا ہے، مریم نواز نے وزیراعلی پنجاب کے طور پر میرا اور پارٹی کا سر فخر سے بلند کیا۔

پاکستان کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، اب ٹھہراﺅ خوش آئند ہے، نواز شریف

نوازشریف نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی ملک و قوم کی بہتری کے اشارے ہیں، معاشی ترقی کے تسلسل سے ہی عوام کے حالات بدل سکتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو ترقی مسلم لیگ (ن) ہی دیتی ہے، عوامی خدمت نواز شریف ، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہے، یہ معیار اور روایت ہی ہمارا اصل امتحان ہے، قیادت کی رہنمائی اور آپ سب کی تائید و حمایت ہماری قوت اور کامیابی کی ضمانت ہے۔

ارکان اسمبلی نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر وزیراعلی مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مریم نواز شریف نے اپنی محنت اور خدمت سے پنجاب کے عوام کا دل اور اعتماد جیتا ہے، مریم نواز شریف جس طرح کام کر رہی ہیں اُس کی ماضی اور حال میں مثال نہیں ملتی۔ ایک سال میں پنجاب کے ہر شعبے اور ہر علاقے کی ترقی کے منصوبوں نے عوام کو ایک نیا اعتماد اور حوصلہ دیا ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

lahore

Maryam Nawaz Sharif

CM Punjab Maryam Nawaz