صدر پاکستان کا دورہ چین: دونوں ممالک کا افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور
پاکستان اور چین نے مشترکہ اعلامیے میں سی پیک کو جدید ترقیاتی راہداری میں تبدیل کرنے، تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور سائنسی و ٹیکنالوجی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ چین کے حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق چین نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی میں مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، جبکہ نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا باضابطہ افتتاح بھی کیا جائے گا۔ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، اور خلا میں تعاون کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صدر مملکت کی چینی ہم منصب سے اہم ملاقات، مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط، دورہ پاکستان کی دعوت
اعلامیے میں پاکستان اور چین نے دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، جبکہ چین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیا اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کی۔
مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور چین کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
دفترخارجہ کی طرف سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر صدر مملکت آصف علی زرداری 4 سے 8 فروری تک چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ چین میں اپنے قیام کے دوران صدر مملکت نویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں فریق اعلیٰ سطح کا سیاسی باہمی اعتماد، سکیورٹی تعاون اوربین الاقوامی رابطہ کاری کو مزید گہرا کریں گے، نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ مزید قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے لئے کوششوں کو تیز کریں گے اور دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور خطے کی ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
پاکستان نے صدر شی جن پنگ کی طرف سے پیش کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو کی تعریف اور بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور بنی نوع انسان کے لیے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان قومی اتحاد کے حصول کے لئے چین کی طرف سے کی جانے والی تمام کوششوں کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے اور ”تائیوان کی آزادی“ کی تمام اشکال کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان سنکیانگ، زیزانگ، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین سے متعلق معاملات پر بھی چین کی بھرپور حمایت کرے گا۔
بعدازاں صدرزرداری بیجنگ سے چین کے شہر ہاربن کیلئے روانہ ہوگئے، صدرمملکت 9ویں ونٹر ایشین گیمزکی افتتاحی تقریب میں شرکت کریںگے، صدرآصف زرداری مختلف ممالک کے سربراہان کےاعزازمیں ظہرانےمیں شرکت کریںگے۔
Comments are closed on this story.