Aaj News

منگل, اپريل 01, 2025  
03 Shawwal 1446  

”اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کو ٹکڑے ٹکڑے نہیں کرنا چاہتے“

ایران ایک عظیم اور کامیاب ملک بنے، ڈونلڈ ٹرمپ
شائع 05 فروری 2025 09:37pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کو ٹکڑے ٹکڑے نہیں کرنا چاہتے بلکہ وہ تہران کے ساتھ مستند جوہری امن معاہدہ کرنے کو ترجیح دیں گے۔

بدھ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹُرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ ایران ایک عظیم اور کامیاب ملک بنے لیکن ایک ایسا ملک جس کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہو۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ اطلاعات ہیں کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ مل کر “ایران کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہے’’ بڑھا چڑھا کر پیش کی جا رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں ایک ایسے مستند جوہری امن معاہدے کو ترجیح دوں گا جس کے تحت ایران آگے بڑھ سکے اور خوشحال ہو سکے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ہم اس پر فوراً کام شروع کریں گے، جب یہ مکمل ہو جائے گا اور اس پر دستخط ہوجائیں گے تو مشرقِ وسطیٰ میں ایک بڑا جشن ہو گا۔

قبل ازیں، واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور وہ جلد ایرانی صدر سے بات چیت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کے قریب پہنچ چکا ہے اور اگر اس نے امریکہ پر جوابی حملہ کیا تو ایران کو تباہ کر دیا جائے گا۔

Iran

President Donald Trump