محسن نقوی کی قذافی اسٹیڈیم میں کام کرنے والے مزدوروں کو میچ دیکھنے کی دعوت
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن میں کام کرنے والے ورکرز کو 8 فروری کو سہ فریقی سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت دے دی۔
سہہ فریقی سیریز اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں نیا قذافی اسٹیڈیم جدید سہولتوں سے آراستہ ہو گیا، قذافی اسٹیڈیم کے انکلوژرز میں نئی کرسیوں کی تنصیب مکمل کر لی گئی۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے ورکرز سے ملاقات کی اور تمام ورکرز کو دن رات کام پر شاباش دی۔
چیئرمین پی سی بی نے ورکرز کو 8 فروری کا ٹرائی نیشن سیریز کا میچ دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ میں خود آپ کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھوں گا۔
محسن نقوی نے نئی نشستوں پر بیٹھ کر اسٹیڈیم کا ویو دیکھا اور تمام فلورز، نئے ڈریسنگ رومز، نئے ہاسپٹلٹی باکسز اور مختلف شعبوں کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انشا اللہ نئے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح فروری کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جدید ترین بین الاقوامی سہولتوں سے مزین اسٹیڈیم تیار کیا گیا ہے جس سے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ بھی نئی سہولیات سے محظوظ ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری ٹیم نے دن رات محنت سے کام کیا اور ناممکن ٹاسک کو ممکن بنایا، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور ہم اپنے وطن کی عزت میں مزید اضافہ کریں گے۔
Comments are closed on this story.