فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو نئے امتحانات روکنے کی درخواست پر نوٹس جاری
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو سی ایس ایس 2024 کے نتائج جاری کرنے سے پہلے نئے امتحانات سے روکنے کی درخواست پر ایف پی ایس سی کو نوٹس کرکے کل ریکارڈ طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے کیس کی سماعت کی گئی جس میں درخواست گزار حمزہ جاوید و دیگر کی طرف سے وکیل علی رضا پیش ہوئے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فروری 2024 میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں سی ایس ایس کا امتحان دیا۔ ابھی تک فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے وہ نتائج جاری نہیں کئے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے 2024 کے نتائج جاری کرنے کی بجائے نئے امتحانات کا اعلان کر دیا۔ کمیشن سات آٹھ ماہ میں نتائج کا اعلان کر دیتا ہے اب کی بار 11 ماہ سے نتائج جاری نہیں ہوئے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے کمیشن کو 2024 کے نتائج جاری کرنے سے پہلے نئے امتحانات لینے سے روکے جانے کی درخواست کی گئی۔
عدالت نے نوٹس جاری کرکے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.