Aaj News

اتوار, فروری 23, 2025  
24 Shaban 1446  

چیف جسٹس نہ ہونے پر کسی سے شکوہ نہیں، سینئر جج ہونے پر خوش ہوں، جسٹس منصور علی شاہ

حلف کے ساتھ کھڑے رہیں تو کوئی مسئلہ نہیں آئے گا، سینئر جج سپریم کورٹ کا خطاب
شائع 30 جنوری 2025 01:25pm

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے کسی سے کوئی شکوہ نہیں کہ میں اس وقت چیف جسٹس نہیں ہوں، حلف کے ساتھ کھڑے رہیں تو کوئی مسئلہ نہیں آئے گا، حلف لینا صرف الفاظ نہیں ہوتے اس کے گہرے معنی ہوتے ہیں۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ یہاں مدعوں کرنے کا بہت شکریہ، میرے لیے باعث فخر ہے کہ میں یہاں ہوں، میں اس وقت سینئر پیونی جج ہوں اور اس میں ہی خوش ہوں، مجھے کوئی شکوہ نہیں کسی سے کہ میں اس وقت چیف جسٹس نہیں ہوں، اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان بہت اچھے ہیں ان کے لیے دعاگو ہوں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ججز پر دباؤ ڈالا جائے گا لیکن حلف کے ساتھ ہی چلنا ہے، حلف توڑنے سے سارا نظام ٹوٹ جائے گا، حلف لینا صرف الفاظ نہیں ہوتے اس کے گہرے معنی ہوتے ہیں، جب بھی آپ پر کوئی مشکل آئے حلف پڑھ لینا، اگر آپ حلف کے ساتھ کھڑے رہیں تو کوئی مسئلہ نہیں آئے گا،

سپریم کورٹ کے سینئر جج نے مزید کہا کہ حلف ایسا ہی ہے جسے پانی ہاتھ میں لے کر کھڑے ہیں، حلف کو سنبھالنا ہے تو پھر ہاتھ نہیں کھولنا اسی طرح رکھنا ہے، ہم نے چیزوں کو آگے لے کر چلنا ہے، بہت مشکلات آئیں گی لیکن آپ نے اپنے حلف کو نہیں چھوڑنا۔

اس موقع پر جسٹس منصور علی شاہ نے شاعر مشرق علامہ اقبال کا مشہور زمانہ شعر بھی پڑھا کہ پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں کرگس کا جہاں اور ہے، شاہیں کا جہاں اور

قبل ازیں، جسٹس منصور علی شاہ نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا، اس موقع پر وکلا نے جسٹس منصور علی شاہ کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔

Supreme Court

karachi

justice mansoor ali shah