سانگھڑ میں 3 افراد کے قتل کا مقدمہ درج، لواحقین نے دھرنا ختم کردیا
سندھ کے ضلع سانگھڑ میں 3 افراد کے قتل کا مقدمہ درج ہونے کے بعد 4 روز سے جاری دھرنا ختم ہوگیا جبکہ لواحقین تینوں افراد کی لاشیں لے کر گاؤں جانی جونیجو روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سانگھڑ میں زمین کے تنازع پر 3 افراد کے قتل اور 19 زخمیوں کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر درج ہونے کے بعد 4 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا گیا، پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر علی حسن ھنگورجو نے دھرنا ختم کروایا۔
پولیس نے لواحقین کی مدعیت میں 20 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ ایف آئی آر میں ایم این اے کے رشتے دار عطااللّٰہ بھی نامزد ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ درج ہونے کے بعد 4 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا گیا، جس کے بعد لواحقین تینوں افراد کی لاشیں لے کر گاؤں جانی جونیجو روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل سانگھڑ کے گاؤں جانی جونیجو میں زمین کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا، مسلح افراد کے حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہوئے تھے۔
جاں بحق افراد میں علی بخش جونیجو، مشتاق علی اور عبدالرسول جونیجو شامل ہیں، واقعے کا مقدمہ درج نہ ہونے پر لواحقین نے لاشیں رکھ کر دھرنا دیا ہوا تھا۔
Comments are closed on this story.