پی ٹی آئی کا مینار پاکستان پرپاور شو کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو لاہور کے مینار پاکستان میں بڑے پاور شو کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کی کال پر ہونے والے اس جلسے کی اجازت کے لیے ڈی سی لاہور کو درخواست دے دی ہے۔
پی ٹی آئی نے 8 فروری کو مینارِ پاکستان پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت کے لیے باضابطہ طور پر درخواست جمع کروا دی ہے۔
پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے ڈی سی آفس میں درخواست جمع کرائی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پارٹی کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت دی جائے۔
درخواست کے متن کے مطابق، تحریک انصاف 8 فروری کو جلسے کا انعقاد کرنا چاہتی ہے، جس کے انتظامات عالیہ حمزہ، احمد خان بھچر اور علی اعجاز بٹر دیکھیں گے۔
متن کے مطابق جلسے کے لیے اجازت نہ ملنے کی صورت میں پی ٹی آئی قانونی راستہ اپنانے پر غور کرے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے جلسے کی اجازت نہ دی تو پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور جلسے کی ابتدائی تیاریوں کے لیے قیادت نے ہدایات دے دی ہیں۔
Comments are closed on this story.