علی امین گنڈا پور نے خیبر پختونخوا کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر کی حیثیت سے استعفی دے دیا۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق علی امین گنڈا پور کے صوبائی صدر سے مستعفی ہونے کا نوٹیفکیشن تسلیم کرلیا گیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے نوٹیفکیشن پردستخط کردیے۔
خیال رہے کہ 25 جنوری وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو صدر خیبرپختونخوا کے عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ جنید اکبر کو نیا صدر مقرر کردیا گیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور سے پارٹی کی صوبائی صدارت واپس لے لی
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ ہیں اور ان پر بڑی ذمہ داریاں ہیں، عمران خان نے علی امین گنڈا پور کی خواہش پر ہی ان سے پارٹی کی صوبائی صدارت واپس لی اور انہیں صوبے میں امن و امان اور گورننس کے معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ جنید اکبر کو پاکستان تحریک انصاف خیبر پختوانخوا کا نیا صدر مقرر کردیا گیا ہے جبکہ عمران خان سے جیل میں ملاقات کرنے والوں میں جنید اکبر بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ 24 جنوری کو قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے جنید اکبر بلا مقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لیے جنید اکبر کا نام تجویز کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے جنید اکبر بلامقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی منتخب
مسلم لیگ (ن) کے طارق فضل چوہدری نے بھی جنید اکبر کا نام تجویز کیا تھا جبکہ (ن) لیگ کے سینیٹر افنان اللہ نے بھی جنید اکبر کے نام کی تائید کی تھی۔
Comments are closed on this story.