Aaj News

منگل, اپريل 15, 2025  
16 Shawwal 1446  

خیبرپختونخوا اسمبلی نے زرعی انکم ٹیکس بل 2025 منظور کرلیا

15 کروڑ روپے سالانہ زرعی آمدنی کمانے والوں پر سوپر ٹیکس دینا ہوگا
شائع 27 جنوری 2025 11:34pm

خیبرپختونخوا اسمبلی نے خیبرپختونخوا زرعی انکم ٹیکس بل 2025 منظور کر لیا، 15 کروڑ روپے سالانہ زرعی آمدنی کمانے والوں پر سوپر ٹیکس دینا ہوگا، قانون کے نفاذ کے بعد مجموعی زرعی آمدن پر ریٹرن بھی جمع کرانا ہوگا، 50 زرعی انکم ٹیکس بل میں بتایا گیا ہے کہ 50 ایکڑ زیر کاشت اراضی یا ایک سو ایکڑ سے زیادہ غیر کاشت اراضی پر بھی سالانہ زرعی ٹیکس لاگو ہوگا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران معاون خصوصی برائے محکمہ مال نذیر عباسی نے خیبرپختونخوا زرعی انکم ٹیکس بل 2025 پیش کیا جس کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

ایوان سے منظوری لیتے ہوئے بتایا گیا کہ نئی قانون سازی کے تحت صوبے کے زرعی اراضی کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، اسی طرح زون ون میں ساڑھے 12 ایکٹر سے 25 ایکڑ زائد اراضی پر فی ایکڑ 1200 روپے ٹیکس عائد ہوگا۔

زون ٹو میں ساڑھے 12 ایکڑ سے 25 ایکڑ اراضی فی ایکڑ 900 روپے ٹیکس عائد ہوگا جبکہ زون تھری میں ساڑھے 12 سے 25 ایکڑ اراضی پر 500 روپے فی ایکڑ کے حساب سے ٹیکس عائد ہوگا۔

بل کے تحت چھوٹے کاشتکاروں پر بھی زرعی ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ نئی قانون سازی میں کارپوریٹ فارمنگ کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 14 نومبر 2024 کو پنجاب اسمبلی میں زرعی انکم ٹیکس پنجاب بل 2024 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا، جس کے بعد لائیو اسٹاک پر بھی ٹیکس لاگو اور زیادہ آمدن والے کسانوں پر سپر ٹیکس کا نفاذ ہوگا۔

بل میں کہا گیا تھا کہ زرعی زمین پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائے گی جبکہ لائیو اسٹاک پر ٹیکس بھی زرعی ٹیکس میں شمار کیا جائے گا۔

بل کے متن کے مطابق زرعی انکم ٹیکس نادہندہ کو ٹیکس کی رقم کا اعشاریہ ایک فیصد فی اضافی دن جرمانہ عائد ہو گا، 12 لاکھ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نادہندہ کو 10 ہزار جرمانہ بھی ہو سکے گا۔

peshawar

KPK Assembly

khyber pakhtunkhwa assembly

Agricultural Income Tax Bill