کل حکومت کے ساتھ مذاکرات میں نہیں بیٹھیں گے، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کل حکومت کے ساتھ مذاکرات میں نہیں بیٹھیں گے، اس حوالے سے باضابطہ آگاہ بھی کردیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اینکر ایسوسیشن کا وفد ہمارے پاس آیا، ہم ان کے آنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مشاورتی اجلاس میں 20 سے زائد سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے شرکت کی، یہ حکومت جب سے آئی ہے جلد بازی میں قانون پاس کروا رہے ہیں ، اس بل (پیکا ایکٹ) کے تحت جس کو بھی چاہے فیک نیوز کی آڑ میں کسی کو بھی اٹھا لینا، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم میڈیا اور میڈیا کہ آواز کے ساتھ کھڑے ہیں، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، میڈیا کے ذریعے ہمیں مسائل کے بارے میں پتا چلتا ہے اور آج اسی کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آج اگر یہ قانون پاس بھی ہوجاتا ہے تب بھی اس کو عدالت میں چیلنج کریں گے، امید ہے عدلیہ اس کو سنے، دہشت گردی اور امن کا مسئلہ اہم ہے، کرم کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر آگئی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہم نے 7 دن کا وقت دیا تھا، ہم حکومت کے ساتھ کل کی میٹنگ میں نہیں بیٹھیں گے، سیکرٹری اسپیکر کو بھی آگاہ کردیا ہے ۔
اسد قیصر
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ آج پیکا ایکٹ قومی اسمبلی سے پاس ہوا، اس کی مذمت کرتے ہیں، اس کا آغاز مریم نواز نے پنجاب سے کیا تھا، ایسے قوانین کا قیام مارشل لا پلس ہے، یہ تمام قوانین صحافت کو دبانے کے لیے کر رہے ہیں، ان قوانین کا نتیجہ پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانا ہے، یہ تمام ٹی وی چینل کو پی ٹی وی بنانا چاہتے ہیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ ملک ایسے نہیں چلتے، ملک میں لا اینڈ آرڈر نہیں ہے، ملک کو بنانا ری پبلک بنانے کہ کوشش کی جاری ہے، ہم میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Comments are closed on this story.