190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے سے عمران خان کی مقبولیت کم نہیں ہوگی، فوادچوہدری
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے سے عمران خان کی مقبولیت میں کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ عوام کی ہمدردی مزید بڑھے گی، تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے ساتھ ساتھ امریکا میں حکومت کی تبدیلی پاکستان کے بحران کے حل کے لیے فیصلہ کن عوامل ثابت ہوں گے۔
آج ٹی وی کے پروگرام ’روبرو‘ میں میزبان شوکت پراچہ سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس کے فیصلے کا کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ دو برس سے تحریک انصاف اپنا انقلاب لانے میں ناکام رہی ہے جبکہ حکومت عمران خان کو مائنس کرنے میں ناکام رہی ہے، اس صورتحال کا شکار صرف عام پاکستانی ہے۔
سینئر سیاستداں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پاکستان میں سب کچھ اس بات پر منحصر ہے کہ طاقتور حلقوں سے کسی کے تعلقات کیسے ہیں، ماضی میں جن عدالتوں نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو سزا سنائی، بعد میں انہیں بری بھی کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان انا اور طاقتور جدوجہد سے بالاتر ہو کر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، سیاست اور معیشت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے لیے ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی ایسی ساکھ نہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کر سکیں۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف اتنی منظم نہیں ہے کہ وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف مزاحمت کے لیے اکٹھا کر سکے۔
Comments are closed on this story.